زندہ قومیں اپنا یوم آزادی جوش و جذبے سے مناتی ہیں ، ہمارا پیارا ملک ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے اس لیے ہم سب پر فرض ہے کہ ہم اپنے ملک کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں‘ وطن عزیز کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کا یوم آزادی کے موقع پرپیغام

اتوار 13 اگست 2017 23:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ زندہ اقوام اپنی یوم آزادی جوش و جذبے سے مناتی ہیں ، ہمارا پیارا ملک ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے اس لیے ہم سب پر فرض ہے کہ ہم اپنے ملک کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں اور اس کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں باہمی اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ 14اگست اس عہد کے تجدید کا دن ہے کہ ملک خداداد پاکستان ہمیں بیش بہا قربانیوں کے عوض ملا ہے جو کہ ہمارے آباؤ اجداد نے اسے حاصل کرنے کے لیے دی تھیں۔

(جاری ہے)

اب یہ ناصرف ہماری بلکہ نوجوان نسل کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آزادی کی اس نعمت کو ہمیشہ کے لئے قائم ودائم رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لئے خلوص نیت، حوصلہ اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ کام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات ہم سے اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ پوری قوم ایک مرتبہ پھر اتحاد واتفاق اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عہد کریں کہ ہم اپنے مادر وطن پر کبھی آنچ آنے نہ دیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ہمیں ملک وقوم کی خدمت کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔