یوم آزادی کے موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر کا پیغام

اتوار 13 اگست 2017 22:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 70 ویں سالگرہ تمام اہل وطن کو بہت بہت مبارک ہو، یہ خوشی و مسرت کا دن ہے، ہمیں اس دن اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ عہد بھی کرنا چاہئے کہ ہم اپنے پیارے وطن پاکستان کو ترقی یافتہ و خوشحال بنانے کے لئے شب و روز محنت کرینگے اور اس خواب کی تعبیر کرینگے جسے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ نے دیکھا اور اس کے حصول کے لئے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے ولولہ انگیز قیادت فراہم کی ،آج ہمیں ان عظیم شہیدوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے آزاد و خود مختار ریاست کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا اور اپنی جانیں تک نچھاور کردیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان میں عوام کی حاکمیت، آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کی کار فرمائی کا نظریہ مزید پختہ ہوتا جا رہا ہے ، تحریک پاکستان کے نظریہ کے عین مطابق پاکستان تیزی سے ترقی کررہاہے ، امن و امان کے قیام کے بعد ملک بھر میں معاشی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی، ادبی اور دیگر سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

پاک چین عظیم الشان دوستی کی اعلیٰ مثال سی پیک منصوبہ پاکستان سمیت خطہ کے لئے قدرت کا انمول تحفہ ہے جس کی تکمیل سے پاکستان میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز شروع ہو جائے گا جبکہ ملک کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے ہر ایک اپنی سی کاوشوں میں مصروف عمل ہے وہ دن دور نہیں جب پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں نمایاں شامل ہوگا۔

70 ویں سالگرہ کے پر مسرت موقع پر کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی نے ایک بار پوری قوم کو دہشت گردی ، نفرت اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف یکجا کردیا ہے۔ آیئے عہد کریں کہ بابائے قوم ،شاعر مشرق اور بانیان پاکستان کے نظریات کے تحت پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کے وژن پر پوری دلجمعی سے کاربند رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :