خراب موسم کے باعث پرچم کشائی کی تقریب پارلیمنٹ ہائوس سے کنونشن سینٹر منتقل

تقریب سے صدر پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے نائب وزیراعظم خطاب کریں گے، تقریب کا آغاز صبح8:15بجے ہوگا

اتوار 13 اگست 2017 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) پرچم کشائی کی تقریب پارلیمنٹ ہائوس سے کنونشن سینٹر منتقل کردی گئی ، پرچم کشائی کی قومی تقریب سے صدر پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے نائب وزیراعظم خطاب کریں گے پروگرام کی تفصیلات جاری کردی گئیں ، تقریب کا آغاز صبح8:15بجے ہوگا ۔آج پارلیمنٹ ہائوس کے وسیع احاطے میں ہونے والی یوم آزادی کی قومی تقریب کو نامساعد موسمی حالات کی وجہ سے کنونشن سینٹر میں منتقل کردیا گیا ۔

وفاقی حکومت کے ترجمان کی طرف سے اس بارے میں باضابطہ طور پر بیان جاری کردیا گیا ہے ۔جاری پروگرام کے مطابق مہمان 8:15بجے اپنی نشستیں سنبھال لیں گے ، 8:40منٹ پر داخلہ بند کردیا جائے گا ۔ 8:55منٹ پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی اور عوامی جمہوریہ چین کے نائب وزیراعظم پہنچیں گے ۔

(جاری ہے)

8:57منٹ پر صدر پاکستان کی آمد ہوگی ۔ وزیراعظم صدر کا استقبال کریں گے ۔

9:00بجے صدر ،وزیراعظم اور چین کے نائب وزیراعظم مل کر پرچم کشائی کریں گے اور تمام حاضرین مل کر قومی ترانہ گائیں گے ۔ 9:08منٹ پر تلاوت قرآن پاک بمعائے ترجمہ ہوگی ۔ 9:15بجے نعت رسول مقبولﷺ پڑھی جائے گی ۔ 9بجکر 22منٹ پر نائب وزیراعظم عوامی جمہوریہ چین ، 9بجکر37منٹ پر صدر پاکستان قوم سے خطاب کریں گے ۔ 9بجکر 51منٹ پر سول پرفارمنس ہوگی ۔ 9بجکر55منٹ پر قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے قومی نغمے گائے جائیں گے ۔

10بجکر6منٹ پر قومی ترانہ گایا جائے گا ۔ 10بجکر9منٹ پر صدر وزیراعظم اور نائب وزیراعظم چین کے موسیقاروں ، ملی نغمے گانے والے بچوں اور مہمانان سے ملاقات کریں گے ۔ 10بجکر16منٹ پر صدر ،وزیراعظم اور چین کے نائب وزیراعظم کی پنڈال سے روانگی ہوگی ۔ پروگرام کیساتھ ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے ۔