رکن صوبائی اسمبلی کشور زہرہ اورچیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کی اسپیشل بچوں سے ملاقات

اتوار 13 اگست 2017 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) رکن صوبائی اسمبلی کشور زہرہ اور چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے یوسی 11 میں ہینڈز انڈیپنڈینٹ لیونگ سینٹر میں موجود اسپیشل بچوں سے ملاقات کی اور سینٹر میں بچوں کو دی جانی والی سہولیات کا معائنہ کیا۔جبکہ سینٹر میں جشن آزادی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا اس موقع پر خصوصی بچوں میں ملک سے محبت کا جذبہ نمایاں نظر آیا، سینٹر کی انتظامیہ نے اس موقع پر چیئرمین معید انورکو سینٹر میں دی جانی والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہاں بچوں کی رہائش سے لے کر ان کی کھانے پینے و دیگر تمام ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے، چیئرمین معید انور نے تمام سہولیات کا معائنہ کرنے کے بعدسینٹرکی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا آپ لوگ یہ نیک امر کر رہے ہیں جس کا صلہ دنیا و آخرت دونوں جگہ ملے گا، چیئرمین معید انور نے اس موقع پر بچوں کو دیکھ کر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ بچوں سے ہی ہمیں حوصلہ اور لگن ملتا ہے اور اپنے ملک و شہر کیلئے کچھ کر گزرنے کی جستجو پیدا ہوتی ہے، آپ سب بچے ہماری آنکھوں کے تارے ہیں اور ہم ہر مشکل اور اچھے وقت میں آپ کا ساتھ دیں گے، اسپیشل بچوں میں خداداد صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں جس سے استفادہ حاصل کیا جائے تو انہیں معاشرے کا اہم ستون بنایا جا سکتا ہے اس موقع پر چیئرمین معید انور نے اسپیشل بچوں کیلئے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے زیر اہتمام تمام پارکوں میں بچوں کی فری انٹری کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ اس کے علاوہ وہیل چیئر اور الگ سے واش روم کا قیام بھی یقینی بنایا جائیگا، انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچوں کی مدد کیلئے ضلعی سطح پر جو کچھ ہوسکا وہ کریں گے۔

(جاری ہے)

رکن صوبائی اسمبلی کشور زہرہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ یہ دیکھ کر بہت سکون و اطمینان ملتا ہے کہ یہ بچے اپنے اندر کسی کمی کو محسوس کیئے بغیر ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرتے اور مسکراتے نظرآتے ہیں جس سے ہمیں بھی نصیحت لینی چایئے اور ہر حال میں اپنے ارد گرد ایسے لوگوں کا خصوصی خیال رکھنا چایئے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنی چایئے۔اس موقع پر یوسی 11 کے چیئرمین محمد مرسلین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :