ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا مگر ہماری بہادرقوم حوصلوں سے ہر چیلنج سامنا کررہی ہے جو ہمارے زندہ قوم ہونے کا منہ بولتاثبوت ہے،ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی

اتوار 13 اگست 2017 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) دادابھائی انسٹی ٹیوٹ آف ہائرایجوکیشن کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے ہمارے ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے مگر ہماری بہادرقوم غیر متزلزل حوصلوں سے ہر چیلنج سامنا کررہی ہے جو ہمارے زندہ قوم ہونے کا منہ بولتاثبوت ہے۔عصر حاضر کا تقاضا ہے کہ اپنے ملک کو ایک عظیم اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے ہم اپنے عظیم بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے اپنا مثبت اور کلیدی کرداراداکریں۔

اس عظیم الشان موقع پر ہمیں اپنے شہدا کو نہیں بھولنا چاہیئے جنہوں نے اس ملک وقوم کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہمارے مستقبل کو محفوظ بنایا۔عظیم اور زندہ دل قومیں اپنے یوم آزادی کو انتہائی جوش وخروش اور ولولہ انگیزی سے مناتی ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمارے نوجوان ہمارااثاثہ ہیں ،ضرورت اس امرکی ہے کہ یہ اپنی تمام ترصلاحتیں اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے صرف کردیں تووہ دن دور نہیں جب ہمارا ملک ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دادابھائی انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقد ہ ۷۰یوم آزادی کے موقع پر منعقد ہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئر مین بورڈآف گورنرز عبداللہ دادابھائی بھی موجود تھے جنہوں نے مختلف مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ کو سراہا اور ان میں انعامات بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر روئسائے کلیہ جات ،اساتذہ اور تمام کیمپسز کے طلبہ کی کثیر تعدادموجود تھی۔معروف مقررافروز احمد نے بھی اس موقع پر طلبہ سے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :