شاہد خاقان عباسی کی جانب سے میڈیکل کالج اورہسپتال کے قیام کا اعلان پر شیخ الجامعہ کراچی کا وزیر اعظم اور گورنرسندھ سے اظہار تشکر

اتوار 13 اگست 2017 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی کی جانب سے گورنر ہائوس سندھ میں گورنرسندھ وچانسلر جامعہ کراچی محمد زبیر کے ہمراہ جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کے اعلان پر ان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کو جامعہ کراچی کے اساتذہ،طلبہ اور ملازمین کی جانب سے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

شیخ الجامعہ نے مزید کہاکہ جامعہ کراچی متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی آبادی والے علاقے میں واقع ہے جن کے لئے معیاری صحت کی سہولیات والے اسپتال تقریبا 10 کلومیڑکے فاصلے پر ہیں،لہذا اس علاقے کو ایک معیاری اسپتال کی اشد ضرورت تھی اور میں نے بطور شیخ الجامعہ منصب سنبھالتے ہی اس ضرورت کو محسوس کیا اور صوبائی و وفاقی حکومتوں سے مذاکرات کئے جس پر آج وفاقی حکومت نے میرے منصوبے کو حتمی شکل دیتے ہوئے منظوری دے دی ہے جس پر میں ذاتی طور پر وزیر اعظم کا ممنون ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورنرسندھ وچانسلر جامعہ کراچی محمد زبیر کی بھی کاوشوں کو سراہا جن کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے یہ امر ممکن ہوا۔علاوہ ازیں جامعہ کراچی کو درپیش حالیہ مالی بحران سے نبر دآزماہونے کے لئے میرے سندھ حکومت سے مذاکرات جاری ہیں اور مجھے امید ہے کہ سندھ حکومت جلد جامعہ کراچی کے لئے بیل آئوٹ پیکج کا اعلان کرے گی ۔اس سے قبل حکومت سندھ جا معہ کراچی کے کیمپس میں پانی اور نکاسی آب کے نظام میں نئی تنصیبات کے لئے 526 ملین روپے منظور کرچکی ہے ،جس پر ہم سندھ حکومت کے بھی بیحد مشکور ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی جامعہ کراچی میں اس منصوبے پر بھی عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی ایک عرصے سے میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کے لئے کوششوں میں مصروف تھی مگر موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی میڈیکل کالج کے قیام میں ذاتی دلچسپی لی اور انہوں نے رواں سال کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں جلد میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا تھا اورچار ماہ کے قلیل عرصے میں انہوں نے مذکورہ منصوبے کو عملی جامہ پہنایا۔

متعلقہ عنوان :