پاکستان مسلم لیگ محمد نوازشریف کے انقلابی پروگرام میں ان کے ہر حکم پر عمل کرے گی ، علی اکبر گجر

اتوار 13 اگست 2017 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن قائد میاں محمد نوازشریف کے انقلابی پروگرام میں ان کے ہر حکم پر عمل کرے گی ،ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے قائد قوم کو مزید بلندیوں کی طرف لے جائیں گے آنے والے دن ماضی کے مقا بلے میں قوم کے لئے سنہرا دور ثابت ہونگے، سیاسی نقاد بہت جلد قائد میاں محمد نواز شریف کے ہم قدم ہونگے ،قائد کے انقلابی پروگرام کی مخالفت صرف وہ عناصر کریں گے جن کی سیاست ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے، آزادی کے ستر سال بعد قائد اعظم محمد علی جناح کے حقیقی جانشین کی صورت میں پاکستانی قوم کو دوسرا عظیم رہنما میاں محمد نواز شریف کی صورت میں میسر آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بروز اتوار اپنے بیان میں کہا کہ قوم امید رکھے کے اب پاکستان کی معیشت، سیاست اور جمہوریت درست سمت میں گامزن ہوگی.

میاں ِمحمد نواز شریف نے ماہر نباض کی طرح قوم کے مسائل کا کھوج لگا کر نئی راہ سجھائی ہے،ماضی عوام کو اندھیروں میں رکھ کر گذارا گیا جس کے ازالے کے لئے قائد میاں محمد نواز شریف عالمی مدبر کی صورت میں قوم کے ساتھ آن کھڑے ہوئے ہیں. یقین ہو چلا ہے کہ اب پاکستانی قوم کو دنیا کی قیادت کی منزل تک پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکے گا. پاکستان مسلم لیگ(ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کی عوامی رابطے کی ریلی نے پاکستان کی سیاست کے لئے نئی راہیں متعین کردی ہیں ملک اور قوم کے غم میں ہلکان ہونے والوں کا امتحان اب شروع ہوگا۔ پاکستانی قوم دیکھے گی کہ کون اپنے عوام کا حقیقی خیر خوا ہ ہے اور کس کی منزل اقتدار ہی.

میاں محمد نواز شریف نے قوم کو حقیقی منزل کی راہ دکھانے کے ساتھ ساتھ اپنی خدمات بھی قوم کے لئے وقف کرنے کا اعلان کرکے ثابت کردیا ہے کہ میاں محمد نواز شریف ہی امت مسلمہ کی قیادت کے اصل حقدار ہیں. پاکستان کے لئے تاریخ نے 1947 کے بعد دوبارہ ایک موقع فراہم کردیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم میاں محمد نواز شریف کی انگلی پکڑ کر حصول آزادی کے متعین مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں.

علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) ماضی کی طرح مستقبل میں بھی قوم و ملک کی خدمت اور ترقی و خوشحالی کے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ وقت آن پہنچا ہے کہ بیس کروڑ پاکستانیوں کی ایٹمی ریاست نہ صرف عالم اسلام کی قیادت کرے بلکہ اقوام عالم کی قیادت کرکے دنیا کو مزید بہتر بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :