خیرپور انتظامیہ نے جماعت اسلامی کو جشن آزادی ریلی نکالنے سے روک دیا

ریلی کو روکنا قابل مذمت اور حب الوطنی سے انکار کے مترادف ہے ، ممتازحسین سہتوکی

اتوار 13 اگست 2017 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) جماعت اسلامی ضلع خیرپور کے تحت 14اگست کو یوم آزادی کے مناسبت سے نکالی جانے والی ریلی کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے غیرقانونی قراردیتے ہوئے پابندی کے احکامات جاری کردیئے جوکہ سیٹھارجہ سے شروع ہوکر محسن شاہ، سئی گیس، کنب سے ہوتی ہوئی خیرپور میرس میں اختتام پذیر ہونا تھی۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو نے اپنی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران جماعت اسلامی کی ریلی کو روکنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے حب الوطنی سے انکار کے مترادف قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14اگست کے دن سے ہر پاکستانی کو نظریاتی وجذباتی وابستگی ہے، ایسے محسوس ہوتا ہے کہ خیرپور انتظامیہ میں کچھ کالی بھیڑیں موجود ہیں جو کہ پاکستان کے وجود سے انکاری ہیں اور حب الوطنی کا کوئی بھی پروگرام برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی حکومت سے جماعت اسلامی کی جشن آزادی ریلی کو روکنے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ تحقیقات کی جائے کہ وہ کون سے خفیہ ہاتھ ہیں جو کہ 14اگست کی ریلی سے پریشان ہیں ان کیخلاف دستوری وقانونی کاروائی کی جائے۔

جماعت اسلامی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس کے کارکنان نے پرامن،قانون ودستور کے دائرے میں رہتے ہوئے پاکستان کے اندر پاکستان کی خدمت کی ہے، ایسی ملک گیر ونظریہ پاکستان کی محافظ جماعت کے رستے میں رکاوٹیں ڈالنے والے پاکستان کی خدمت نہیں بلکہ ہندوستان کی خوشنودی حاصل کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :