14اگست یوم آزادی تجدید عہد کا دن ہے پوری قوم عہد کرئے کہ پاکستان کو اسلامی وفلاحی ریاست اور مثالی حکومت کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے، ڈاکٹر معراج الہدی کا یوم آزادی پر پیغام

اتوار 13 اگست 2017 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ 14اگست یوم آزادی تجدید عہد کا دن ہے جس کا وعدہ ہم نے حصول پاکستان کیلئے اللہ تعالی سے کیا تھا، پوری قوم کو آج کے دن یہ عہد وعزم کرنا چاہئے کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد یعنی ایک جمہوری، اسلامی وفلاحی ریاست اور مدینہ منورہ جیسی مثالی حکومت کیلئے آخری سانس تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں مزید کہا کہ بدقسمت سے قیام پاکستان کو 70سال گذرجانے کے باوجود مفاد پرست حکمرانوں نے قایم پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پس پشت ڈال کر ذتی مفادات کے حصول اور تجوریاں بھرنے کو ترجیح دی جس کی وجہ سے وطن عزیز آج اندرونی وبیرونی خطرات سمیت مہنگائی، بدامنی، بیروزگاری، کرپشن، بھوک وافلاس اور کرپٹ قیادت جیسے بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

70سال کے دوران ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی کی بجائے کبھی نظریہ ضرورت ، این آر او تو کبھی مفاہمتی سیاست کے نام پر قومی اداروں کیو تباہ اور ملکی سالمیت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ ملک بیرونی قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، قوم کا بچہ بچہ عالمی مالیاتی اداروں کا مقروض ہے، دیانتدار قیادت کے فقدان کی وجہ سے عوام صحت، پانی، تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

اسلئے آج کے دن پوری قوم کو ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کرنا ہوگا کہ ہم نہ صرف وطن عزیز کی سالمیت بلکہ اس کو ایک اسلامی ایک اسلامی وکرپشن فری پاکستان بناکر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے دریں اثنا صوبائی امیر نے کوئٹہ واقعی کی مذمت اورپاک فوج کے جوانوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے ۔