پیسکو کارکنان خدمت‘ صداقت اور دیانت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں‘ شبیر احمد

اتوار 13 اگست 2017 22:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء)14 اگست کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو پیسکو انجینئرشبیراحمد نے پیسکوکارکنوں کو خصوصی پیغا م دیتے ہوئے کہاکہ اس دن کو شایان شان طورپر منانے اورملک وقوم کی بہتری اور ترقی کے لئے محنت‘ لگن کو زندگی کا نصب العین بنا کرخداد پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے میںاپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس دن کی یاددلاتا ہے جب ہمارے بزرگوں نے کشت وخون کے دریا سے گزر کر ہمارے لئے یہ پیارا وطن حاصل کیا۔

چیف ایگزیکٹونے قائداعظم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جن کی ولولہ انگیزقیادت میں پاکستان کاحصول ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول میں قربانیوں کی ایک نہ بھولنے والی داستان پوشیدہ ہے انہوں نے کہا کہ آزادی کی خوشی کے ساتھ ساتھ وطن عزیزکی سلامتی اور حفاظت کے لئے قائداعظم کے دئیے گئے اصولوں اتحاد‘ تنظیم اور یقین محکم کا مظاہرہ کرنا ہوگا‘ ہم سب کا فرض ہے کہ آپس میں اتحاد پیدا کریں اور خاص طورپر پبلک سیکٹر کے اہم شعبے کے رکن کی حیثیت سے پیسکو کے سب صارفین کو ہرممکن خدمات بہم پہنچانے کی کوشش کریں‘خدمت‘ صداقت اور دیانت کو اپنی زندگی کا شعاربنائیں اور قائداعظم کے اصول ’’کام کام اور بس کام‘‘کے سنہرے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔