جشن آزادی کی تقریبات ‘ آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ’’روشنی کے سفر ‘‘کے عنوان پر تحریک پاکستان کی نایاب اور تاریخی تصاویر کی نمائش

اتوار 13 اگست 2017 22:10

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں فیصل آبادآرٹس کونسل کے زیر اہتمام روشنی کے سفر کے عنوان پر تحریک پاکستان کی نایاب اور تاریخی تصاویر کی نمائش منعقد ہوئی۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹائون پروفیسر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی نے تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔

ریذیڈنٹ ڈائریکٹر آرٹ کونسل طارق جاوید‘چیئرمین پرائیویٹ سکولز الائنس صداقت حسین لودھی اوردیگر کے علاوہ عام شہری بھی موجود تھے ۔نمائش میں تقریبا دو سو کے قریب تاریخی و نادر تصاویر رکھی گئی ہیں جو تحریک پاکستان کے دوران قائد اعطم محمد علی جناح کی مختلف مصروفیات،آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاسوں،مسلمانوں کی انڈیا سے ہجرت اور مہاجرین کیمپس کے مناظر کے علاوہ جدوجہد آزادی کے دیگر مختلف مراحل پر مشتمل ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر جی سی وومن یونیورسٹی نے تحریک پاکستان پر مبنی تصویری نمائش میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسے جشن آزادی کا بہترین پروگرام قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی اور ہمارے قومی ہیروز کے کارناموں پر مشتمل یہ نایاب اور تاریخی تصاویر نئی نسل کو قیام پاکستان کے کٹھن سفر کی داستان سے آگاہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔انہوں نے شاندار تصویری نمائش کے انعقاد پر فیصل آباد آرٹس کونسل کے احسن اقدام کو سراہا۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹر طارق جاوید نے بتایا کہ جدوجہد آزادی اور تحریک پاکستان کے مختلف مناظر پر مشتمل یہ تصاویر طویل جدوجہد سے مختلف حلقوں کی معاونت سے جمع کی گئی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :