پاک مکتب سکول میں ایکسیلینس آف لرننگ ( کڈز سنٹر ) کا افتتاح

اتوار 13 اگست 2017 22:10

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء)ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر وحید اختر انصاری نے پاک مکتب سکول غلام محمد آباد میں ایکسیلینس آف لرننگ ( کڈز سنٹر ) کا افتتاح کیا جس میں ننھے بچوں کو کھیل کے دوران تعلیم کی طرف راغب کرنے اور موافق علمی ماحول فراہم کیا گیا ہے ۔ افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شاہد رانا ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری اشرف ‘ سوشل ویلفیئر آفیسر محمد طاہر‘ انچارج شعبہ فائن آرٹس جی سی یونیورسٹی تہمینہ افضل ‘ پرنسپل ادیبہ عطاء ‘چیئرپرسن ایڈوائزری کمیٹی/ سابق ایم پی اے مسز انجم صفدرودیگر موجود تھے ۔

ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلیفئر نے ننھے بچوں کی سہولت اور کشش کے لئے کڈز سنٹر کی شاندار ترتیب و تزئین پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی دلچسپی کے لئے ماہرانہ انداز میں خوبصورت رنگوں کا انتخاب اور نقش و نگار قائل ستائش ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پاک مکتب سکول کی تزئین و بحالی کے منصوبے کی شاندار تکمیل اور اعلی معیار کے تعمیراتی کام پر ایڈوائزری کمیٹی اور دیگر منتظمین کی کاوشوں کو زبردست انداز میں سراہا ‘ انہوں نے پاک مکتب سکول کی میٹرک تک اپ گریڈیشن کا اعلان کیا اورکہا کہ اساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل نے پاک مکتب سکول کی عمدہ ترتیب و تزئین پر متعلقہ سٹاف کے لئے انعام کے طور پر ایک بونس کا بھی اعلان کیا ۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاہد رانا نے بتایا کہ 16 لاکھ روپے کی لاگت سے پاک مکتب سکول کی چار دیواری کی تعمیر نو ‘ کلاس رومز ‘ واش رومز اور ایڈمن بلاک کی تزئین و بحالی کامنصوبہ دو ماہ میں مکمل کیا گیا ہے جس کے لئے ایڈوائزری کمیٹی نے مالی تعاون اور شعبہ فائن آرٹس جی سی یونیورسٹی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔