یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا پیغام

اتوار 13 اگست 2017 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی70ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 14اگست1947ء کو برصغیرکے مسلمانوں کی انتھک جدوجہد اور بے شمار قربانیوں اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز اور مدبرانہ قیادت کے طفیل ہم علیحدہ مملکت "اسلامی جمہوریہ پاکستان"کے حصول میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام لوگوں کو آپس میں بھائی چارگی اور یکجہتی کے جذبہ کو فروغ دینا چاہئے اور ہم نے جدوجہد آزادی کے دوران جس جذبہ اور یکجہتی اور بھائی چارگی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علیحدہ ملک حاصل کیا تھا آج اسی جذبہ کے تحت ہمیں اپنے پیارے ملک کی آبیاری کرنا ہے اور دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے اور آج کے دن ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تجدید عہد کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒکے زریں اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ہم اپنے ملک کو ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ اتحاد، یکجہتی، بھائی چارگی اور انسان دوستی کی جتنی آج ضرورت ہے شاید اس سے قبل نہ تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ہم اسلامی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھ کر اپنے پیارے ملک پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :