پاکستان ایک خطہ زمین کا نام نہیں بلکہ ایک نظریہ کا نام ہے ،حافظ نعیم الرحمن

سیکولر اور مغربی لابی ملک کے اسلامی نظر یاتی تشخص کو ختم کر نے کی سازش کر رہی ہے ،ْعوام کسی صورت کامیاب نہیں ہو نے دیں گے شہر بھر میں متعدد مقامات پر جشن یوم آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی گئی ،ْفلوٹ گشت چلتے رہے

اتوار 13 اگست 2017 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خطہ زمین کا نام نہیں بلکہ ایک نظریہ کا نام ہے ،یہ ملک لاکھوں جانیں دے کر حاصل کیا گیا تھا ، ملک خدادادسازشی عناصر اور کرپٹ حکمرانوں کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے ، آج اس ملک میں کرپشن اور احتساب کی جنگ جاری ہے جس میں جیت ہر صورت حق کی ہوگی ، جماعت اسلامی اول روز سے اس ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

ہم اس ملک کی تعمیر علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی امنگوں کے مطابق کرنا چاہتے ہیں۔ ہم سب کو مل کر دشمنوں کے ناپاک عزائم سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ضرورت ہے ،قوم کرپشن سے پاک آزاد خود مختار اور خوشحال اسلامی پاکستان بنانے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

شہر بھر میں متعدد مقامات پر جشن یوم آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی گئی جبکہ شہر بھر میں یو م آزادی کے حوالے سے فلوٹ گشت کرتے رہے جس میں قومی ترانے چلائے گئے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ آج سے 70سال قبل برصغیر کے مسلمانوں نے آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں اور ایک آزاد خود مختار اسلامی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر کیا لیکن وقت کے حکمران سیکولر اور لادینی جذبے کے تحت آزادی کے مقصد کو کھوکھلا کررہے ہیں ، ملک میں ہر طرف دہشت گردی ، کرپشن ، بھوک ، افلاس ، غربت اور ناخواندگی جیسے بحرانوں نے جنم لیا ہے اور ہمارے اسلاف کی قربانیوں کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے اور آزادی بہت بڑی نعمت ہے ۔برصغیر کے مسلمانوں نے تحریک پاکستان میں لازوال قر بانیاں دیں ۔پاکستان ایک نظر یاتی مملکت ہے ۔کشمیری عوام کی جدو جہد تکمیل پاکستان کی جدو جہد ہے ۔سیکولر اور مغربی لابی ملک کے اسلامی نظر یاتی تشخص کو ختم کر نے کی سازش کر رہی ہے جسے عوام کسی صورت کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملک کو کمزور اور غیر مستحکم کر نے کے لیے جو سازشیں کر رہے ہیں اپنے اتحاد و یکجہتی سے ان سازشوں کو ناکام بنا ئیں گے ۔یوم آزادی کے مو قع پر ہم اس بات کا بھی عہد کریں کہ پاکستان کو اس کے قیام کے مقاصد سے ہم آہنگ کر نے کی جدو جہد کریں گے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی اور اسلامی ریاست بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :