ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں حکیماںوالا بازار ساندہ سے داتا دربار تک جشن آزادی ریلی

اتوار 13 اگست 2017 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی این اے 120کی نامزد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں حلقہ کے کارکنوں اور پارٹی رہنمائوں نے حکیماںوالا بازار ساندہ سے داتا دربار تک جشن آزادی ریلی نکالی ،ریلی کا جگہ جگہ کارکنوں نے پر تپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچاور کی ،ریلی میں کارکن نعرے بازی بھی کرتے رہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ داتا دربار حاضری دی ملکی سلامتی ، عمران خان کی درازی عمر اور اپنے الیکشن کی کامیابی کی دعا کی ،ڈاکٹر یاسمین راشد نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتی ہوں پاکستان بے پنا ہ قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ،قائد اعظم محمد علی جناح کی سوچ اور فلسفے کو مشعل راہ بنا کر ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں پوری قوم متحد ہو کر محنت اور لگن سے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے، اقتدار میں آنے والے حکمرانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ، کرپٹ اور بد دیانت عناصر سے پاک کر کے وطن عزیز کو ترقی یافتہ قوموں کی صفوں میں کھڑا کرنے کا وقت آگیا ہے ہم سب کو امن و امان کے فروغ بھائی چارے او ر جذبہ حب الوطنی کے لئے بیدار کرنا ہوگا تب ہی ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دیں سکیں گے ، دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں زندہ قومیں ہی ترقی یافتہ قوموں کی صفوں میں کھڑی ہوتی ہے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے امن کو تباہ کرنے والے دہشت گرد اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنا ہوگا آج کے دن ہم سب کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہر فرد ملک سے کرپشن کے خاتمے اور فرسودہ نظام کے تبدیلی کے لئے اپنے اپنے حصہ کا کردار ادا کرنا ہوگا ۔