آج خود احتسابی کا دن ہے، سوچنا ہوگا کہ ہم دوسری قوموں سے کیوں پیچھے ہیں، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف

ماضی سے سبق سیکھ کرمستقبل کو درست کرنے کے لئے محنت کے سنہری اصول کو اپنانا ہوگا، پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے اورعلامہ اقبالؒ نے آزاداور خودمختار ریاست کا خواب دیکھا جو قائداعظم ؒکی بے مثال قیادت میں عظیم جدوجہد کے بعد شرمندہ تعبیر ہوا، پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد اس عزم کی اعلی مثالیں ہیں یوم آزادی کے مو قع پر خصوصی پیغام

اتوار 13 اگست 2017 21:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے اوراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے اورعلامہ اقبالؒ نے آزاداور خودمختار ریاست کا خواب دیکھا جو قائداعظم ؒکی بے مثال قیادت میں عظیم جدوجہد کے بعد شرمندہ تعبیر ہوا،بلاشبہ14 اگست ہماری قومی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہی-انہوں نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنا یوم آزادی بھرپور طریقے سے مناتی ہیںاور آج پاکستانی قوم اپنا 70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے لئے برصغیر کے مسلمانو ں نے خون کی ندیاں عبور کیں۔

(جاری ہے)

ہم نے آزادی جیسی نعمت تو ضرور حاصل کی مگر ابھی تک قیام پاکستان کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکے۔ آج خود احتسابی کا دن ہے، سوچنا ہوگا کہ ہم دوسری قوموں سے کیوں پیچھے ہیںاورماضی سے سبق سیکھ کرمستقبل کو درست کرنے کے لئے محنت کے سنہری اصول کو اپنانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آج عوام میںوہی جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے جو قیام پاکستان کے وقت تھا اور آج بھی وطن ہم سے محنت اور صرف محنت کا تقاضا کر رہاہے اور پاکستان کو آگے لیجانے کیلئے ہر فرد کو اپنی اپنی جگہ محنت سے کام کرنا ہوگا۔

آزادی کی نعمت کے تحفظ کیلئے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہوگااور متحد ہو کر حصول پاکستان کے مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پر عزم ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد اس عزم کی اعلی مثالیں ہیں۔ پاکستان کے استحکام اور امن کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیںاور ہمیںیوم آزادی مناتے وقت قوم کے ان ہیروز کو بھی خراج عقید ت پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنا آج وطن کے امن کے لئے قربان کیاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم آزادی منانے کا مقصد پاکستان کے بانیوں اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ بانیان پاکستان کے عزم اور حوصلے کی بدولت قوم کو ایک آزاد، اسلامی اور فلاحی ریاست نصیب ہوئی ہے اورآج تحریک پاکستان کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے کیونکہ تحریک پاکستان کی جدوجہد ہمارے بزرگوں کی محنت سے عبارت ہے۔

انہوںنے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عزم کرنا ہوگاکہ ہم آئین پاکستان میں پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو آگے ترقی کی طرف لے جائینگے۔ آئیے عہد کریں کہ ہم ایمان،اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوںنے کہا کہ آج کے دن ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے اورقائد و اقبال کے تصورات اور افکار کے مطابق تکمیل پاکستان کی منزل کے حصول کا عہد کرنا ہے اورانشاء اللہ محنت، دیانتداری اور امانت کو شعار بنا کر ملک کو اقوام عالم میں باوقار مقام دلائیں گے۔