سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ذریعے حجاج کرام کو حجاز مقدس پہنچانے کا سلسلہ آخری مرحلے میں داخل ہو گیا

اتوار 13 اگست 2017 21:01

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء)سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ذریعے حجاج کرام کو حجاز مقدس پہنچانے کا سلسلہ آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ 10ویں حج فلائٹ کے حاجیوں کومہمان خصوصی عدنان سرور کپورسابق وائس چیئرمین سیال جبکہ11 ویں حج فلائٹ کے حجاج کرام کو فٹ بال کی صنعت کے عالمی شہرت یافتہ برآمدی تاجر خواجہ مسعود اختر ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئرپورٹ اور کنوینر حج کمیٹی محمد حنیف خاں چیئرمین سیالکوٹ ڈرائی پورٹ ٹرسٹ نے الوداع کہا اور سیالکوٹ ایئرپورٹ سے حج فلائٹس کو سیال کے لیے اللہ پاک کی طرف سے ایک خاص تحفہ قرار دیتے ہوئے حاجیوں سے سیالکوٹ ایئرپورٹ کی مزید ترقی اور ملک و قوم کی خوشخالی کے لیے خصوصی دعا کرنے کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر سیال میجر جنرل (ر) میر حیدر علی خان نے سیالکوٹ انٹر نیشنل ایئرپورٹ نے حاجیوں کو پاکستان کا سفیر قرار دیتے ہوئے انہیں دورن حج مثالی طرز عمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔ ایئرپورٹ منیجر اذکارالحق کھوکھر نے سیالکوٹ ایئرپورٹ سے حاجیوں کو دی جانے والی سہولتوں کا ذکر کیا اور توقع ظاہر کہ آنے والے برسوں میں ان سہولتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

خطیب ایئرپورٹ مسجدسید عبداللہ گوہر اور شہر اقبال کے ابھرتے ہوئے نوجوان عالم دین حافظ عذیفہ عدنان کپور نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل جبکہ حج ماسٹر قاری محمدوقاص شبیر نے دعا کرائی ۔ نظامت کے فرائض منیجر میڈیا عبدالشکور مرزا نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر جنرل منیجر چودھری محمد نواز، منیجر ایئرپورٹ ہینڈلنگ سروسز زیڈ اے خان، اسٹیشن منیجر پی آئی اے طارق گلزار ،منیجر ایڈمن نواز طور ، انچارج ٹرمینل سروسز محمد یعقوب قریشی اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اسلم بٹ بھی موجود تھے۔

حجاج کرام نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ہر حج فلائٹ کے حاجیوں کا بھرپور استقبال کرنے اور انہیں انتہائی گرم جوشی سے رخصت کرنے پر ایئرپورٹ انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا اور مثالی سلوک کا تذکرہ دوسروں تک کرنے کا وعدہ بھی کیا۔