آزادی ایک عظیم نعمت ہے جو قومیں اس سے محروم ہیں اس کی اصل قدر و منزلت سمجھتی ہیں

قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں کی قربانیوں سے پاکستان آزاد ہوا ہے ،ہمیں اس آزادی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ،اس مقصد کے تکمیل تک ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوگی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کا پاکستان کی 70ویں یوم آزادی کے پرمسرت قوم کے نام پیغام

اتوار 13 اگست 2017 21:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی 70ویں یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجالانے اور تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم علامہ اقبالؒ اور قائد اعظمؒ کے حقیقی پاکستان کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، آزادی ایک نعمت ہے جو قومیں آزادی کے نعمت سے محروم ہیں وہ آزادی کی اصل قدر و منزلت سمجھتے ہیں قائد اعظم کی قیادت میں مسلمانوں کی قربانیوں سے پاکستان آزاد ہوا ہے ہمیں اس آزادی کے تحفظ اور دو قومی نظریے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے جس مقصد کیلئے پاکستان معرز وجود میں آیا تھا اس مقصد کے تکمیل تک ہمیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

شاعر مشرق نے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد اور خومختار ریاست کا خواب دیکھا قائد اعظم محمد علی جناح نے ولولہ انگیز تحریک کے ذریعے اس خواب کو تعبیر بخشی آج ہمیں ان عظیم شہیدوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔ آج کا دن اپنے ان جوانوںکو بھی سلام پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے مملکت خداداد پاکستان کی آزادی کے تحفظ کیلئے آج تک اپنی جانوں کا نظرانہ دیا ہے۔

ہمیں اپنی ماضی کے غلطیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کا ازالہ کرنا ہوگا تاکہ آزادی کے اصل ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن بروز اتوار نے یوم آزادی کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ آج کا دن ہماری خود احتسابی کا بھی دن ہے۔ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہورہا ہے پاکستان کے دشمن اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہورہے ہیں مسلح افواج کی قربانیاں اور کوششیں قابل ستائش ہیں جن کی قربانیوں کی وجہ سے آج مملکت خداداد پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ ہورہاہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہورہے ہیں انشاء اللہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی روشن منزلوں تک لے جائیں گے جس کے ثمرات پوری قوم کی جولی میں پڑیں گے۔ آزادی کے نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کوفروغ دینا ہوگا آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ علامہ اقبال اورقائد اعظم کے نظریات کے تحت ہم ایمان، یقین ، اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ایک مضبوط، خوشحال ملک بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :