پاکستان کو دنیا بھر میں کرکٹ کے چمپئن کے طور پر پہچانا جاتا ہے، کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کو عالمی شہرت حاصل ہے ، میئر کراچی وسیم اختر

اتوار 13 اگست 2017 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا بھر میں کرکٹ کے چیمپئن کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور اس کھیل سے وابستہ کھلاڑیوں کو عالمی شہرت حاصل ہے جس کے باعث جہاں جہاں بھی کرکٹ کھیلی جاتی ہے وہاں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے نوجوان ماضی کی طرح کرکٹ میں اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں، یہ بات انہوں نے کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ نمائش میچ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، ممبر صوبائی اسمبلی جمال احمد، محفوظ یار خان، ضلع وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی، سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد خان، یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین عامر خان، انعام الدین،نظام الدین، ظفر اعجاز، شفیق بھائی ، جاوید علی اور دیگر معززین شہر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ چائنا کٹنگ کے باعث کراچی کے نوجوانوں سے کھیل کے میدان چھین لئے گئے تھے جن پر سے قبضہ ختم کرکے انہیں کھیل کے میدانوں میں تبدیل کیا جا رہاہے انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو اسپتال ویران ہوں گے اور کراچی کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں سے محروم نہیں کیا جاسکتا، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے نوجوان باصلاحیت ہیں صرف انہیں مواقع کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو دکھا سکیں انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کرکٹ اکیڈمی میں ایسے باصلاحیت نوجوانوں کو نکھارا جا رہا ہے اور امید کی جاسکتی ہے کہ حنیف محمد ، صادق محمد ، جاوید میانداد، راشد لطیف اور سرفراز احمد کی طرح آنے والے نوجوان بھی اپنے ملک و قوم کا نام اسی طرح پوری دنیا میں روشن کریں گے ، میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان کا 70 واں جشن آزادی اس سال بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ان چیمپئنز کے نام کیا ہے جنہوں نے مختلف کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہر وہ شخص ہمارا ہیرو ہے جو پاکستان کا پرچم سربلند کرے اور دنیا میں اپنے وطن کا نام روشن کرے، انہوں نے کہا کہ کھیل کوئی بھی ہو اس سے انسانی جسم اور ذہن پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور نوجوان سماج دشمن عناصر کے آلہ کار بننے کے بجائے مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوتے ہیں، انہوں نے کہاکہ ہمارا ملک دہشت گردی کا شکار ہے اور مسلح افواج دہشت گردوں کا ہمت اور جذبے کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہے ، منتخب بلدیاتی قیادت یہ کوشش کر رہی ہے کہ اس شہر کو علم و ادب ، تہذیب و ثقافت اور کھیلوں کا شہر بنائے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے۔

اس موقع پر میئر کراچی نے چیمپئنز کا پاکستان آزادی نائٹ میچ کا شعیب محمد خان کی گیند پر ہٹ لگا کر میچ کا آغاز کیا ، میئر کراچی کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا بعدازاں تمام کھلاڑیوں اور میدان میں موجود شہریوں نے میئر کراچی وسیم اختر کے ساتھ مل کر جشن آزادی کا کیک کاٹا۔