قرآن کے نظام کو نافذ کرنے سے ہی پاکستان کا استحکام ممکن ہے، قدرت اللہ بٹ

جماعت اسلامی روز اول سے قرآن کی دعوت کا کام کررہی ہے، موجودہ سودی نظام ہی ہماری تباہی کاسبب ہے

اتوار 13 اگست 2017 19:50

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) قرآن کے نظام کو نافذ کرنے سے ہی پاکستان کا استحکام ممکن ہے اور جماعت اسلامی روز اول سے قرآن کی دعوت کا کام کررہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب بلال قدرت بٹ نے خانیوال شہر میں سات روزہ فھم قرآن وسنت کلاس کے آخری دن سینکڑوں مردو خواتین شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیااور کہا کہ موجودہ سودی نظام ہی ہماری تباہی کاسبب ہے ۔

اس سودی نظام کی صورت میں ہمارے حکمران اللہ اور اس کے رسول ؐ سے جنگ کررہے ہیں ۔ایسے حالات میں بہتری کیونکر ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست پاکستا ن کا سترواں یومِ آزادی ہے اس موقع پر ہم جہاں اللہ تعالیٰ کا بے انتہا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت سے نوازتے ہوئے ایساخوبصورت ملک عطا فرمایاجو کہ خالصتاًً کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وجود میں آیا،وہیں ہم یہ عہد بھی کرتے ہیں کہ اس ملک کو کرپشن ،بددیانتی، لادینیت اوربے حیائی و عریانی سے نجات دلاکر مدینہ منورہ کی ریاست کو آئیڈیل مان کر اس کے مطابق اس ملک کو اسلامی پاکستان،خوشحال پاکستان بنانے کیلئے بھی بھرپور جدوجہد کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن ملک پاکستان کیلئے زہرِ قاتل ہے۔ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف جوتحریک چلائے ہوئے ہے وہ کسی ایک فرد یا جماعت کے خلاف نہیں ہے ۔ جو بھی کرپشن کرتا ہے وہ پاکستان کا دشمن ہے وہ خواہ کوئی سیاستدان ہو،بیوروکریٹ ہو،جج ہو یا جرنیل ہوسب کرپٹ افراد ملک کیلئے خطرہ ہیں۔ جب تک کہ انہیں کیفر کردار تک نہ پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف عدالت سے ناہل ہونے کے بعد یوں سڑکوں پر آکے ناصرف ملک کی سب سے بڑی عدالت کے فیصلے کی توہین وتضحیک کررہے ہیں بلکہ وہ خود اپنی شخصیت کو مزید متنازعہ بنارہے ہیں ۔

انہیں چاہیے کہ وہ قوم کے لوٹے ہوئے پیسے کاحساب دیں۔اسی میں ان کی سیاسی بقا وسلامتی ممکن ہے۔عوام باشعور ہوچکے ہیں اب عوام کسی ایسے بے دین اور کرپٹ سیاست دان کا ساتھ نہیں دے گی۔قبل ازیں ناظم شعبہ فھم دین جماعت اسلامی جنوبی پنجاب مولانا انعام اللہ جامعی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ قرآن وسنت کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیںاور اسی کے مطابق زندگی گزاریں، اپنی دنیا کے ساتھ اپنی آخرت کو بھی سنوارنے کی فکر کریںاور قرآن وسنت کے نظام کو نافذکرنے کیلئے بھی جدوجہد کریں جس نسے ناصرف ہمارے معاشی مسائل ہونگے بلکہ مملکت پاکستان کو استحکام بھی حاصل ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی ضلع خانیوال افتخارالحسن چوہدری نے فھم قرآن وسنت کلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہیں قرآن وسنت کے فھم کیلئے اس پروگرام کے انعقاداور اس میں شرکت پر مبارکبادپیش کی اور ساتھ ہی چیرمین بلدیہ خانیوال مسعود مجید خان ڈاہا اور دیگر انتظامی عہدیداران وملازمین کا شکریہ بھی ادا کیا جن کے تعاون سے اس پروگرام کے انتظامات میں خاصی آسانی ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کی دعوت ہی اصل دعوت ہے جس کیلئے ہمیں اپنا مال ،جان اور وقت صرف کرنا چاہیے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب چوہدری عزیر لطیف،معاون شعبہ فھم دین جماعت اسلامی پنجاب حافظ نوید احمد زبیری،ناظم شعبہ فھم دین ملتان رانامحمد طارق نعیم،صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع خانیوال راؤارتفاع ضیاء اللہ خاں،ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع خانیوال محمد اسماعیل تاج،امیر جماعت اسلامی حلقہ پی پی 214خانیوال راؤمحمد ریاض الحق، امیرجماعت اسلامی خانیوال سعیدالرحمٰن حنیف،کوآرڈینیٹر فھم قرآن وسنت کلاس میاں فرخ رحمان کمبوہ، راؤمحمد افضل ،چوہدری محمد سہیل ثاقب،راؤمحمد یعقوب، محمد علی وینس اور محمد فہیم باری و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :