یوم آزادی کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی و صوبائی دفاتر کو سجایا جائے گا،علامہ ناصر عباس جعفری

تقاریب کا انعقاداور ارض پاک کی خوشحالی کے لیے دعائیں کی جائیں گی،مرکزی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم

اتوار 13 اگست 2017 19:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم آزادی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر پوی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارض پاک اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیے ایک عظیم نعمت ہے،اس ملک کی ترقی،سالمیت و استحکام میںہر شخص اپناانفرادی کردار ادا کرکے اس نعمت کا شکر اداکرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد ریاست ہے جو نظریہ اسلام کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی، آزادی کی اس نعمت کے حصول میں قائد اعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز جدوجہد اورہزاروں افراد کی قربانی شامل ہے، وطن کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت وطن کے ہر شہری کا اولین فریضہ ہے جس میں کوتاہی حب الوطنی کے تقاضوں سے انحراف ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح کی آزاد ریاست کا خواب قائد و اقبال نے دیکھا تھا وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا،گزشتہ تین دہائیوں سے یہ ملک دہشت گردی کا شکار ہے،آج جبکہ پورا پاکستان آزادی کا جشن منا رہے اور ہم ڈیرہ اسماعیل خان میں جنازے رکھ کر غمگین بیٹھے ہوئے ہیں، دو روز قبل ہمارے دو افراد کو شہید کیا گیا آج پھر ہمارے ایک دہشت گردوں نے ہمیں لاش کا تحفہ دیا، شہید وکیل شاہد شیرازی کے چچا کو آج گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، ہم اس ملک میں امن کی بات کرتے ہیں لیکن ہمیں جواب میں لاشیں دی جا رہی ہیں ، کے پی کے کے وزیر اعلی ایک نا اہل شخص ہیں، ڈی آئی خان میں دہشت گردوں پر قابو پانے میں ناکامی ان کی نا اہلیت کا بین ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بے رحمی سے لوٹنے والوں کو قانون و آئین کے مطابق گھر بھیجنے کے عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، قائد اعظم کے پاکستان میں بدعنوان لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں، ملک کومختلف حکومتوں کی طرف سے دانستہ طور پر متعددمسائل کا شکار رکھا گیا،کبھی جمہوریت کے نام پراقتدار میں آنے والے حکمران لوٹنے میں مصروف رہے تو کبھی آمرانہ حکومتوں نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے ملک کو یرغمال بنائے رکھا، اس ملک کو غیر مستحکم کرنے میں ان موروثی سیاستدانوں اور جاگیرداروں کا بھی بڑا کردار رہا ہے جو ذہنی طور پر آج بھی انگریز کے غلام ہیں، اقتدار کے رسیا وہ حاکم جواپنے اقتدار کی بقا اور طوالت کے لیے قومی عزت نفس اور ملکی مفاد کو داو پر لگاتے رہے، انہوں نے اس ملک کو آج تک بیرونی ڈکٹیشن سے آزاد نہیں ہونے دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم سب نے مل کر اس ارض پاک سے عہد کرنا ہے کہ اسے ناصرف دہشت گردی اور کرپشن کی لعنت سے آزادی دلائیں گے بلکہ ہر اس استعماری و طاغوتی قوت سے بھی نجات دلائی جائے گی جو عالمی طاقت اور اختیارات کے زعم میں مبتلا ہو کرپوری قوم کو غیرآئینی احکامات کے تابع رکھنا چاہتی ہے۔علامہ ناصر عباس کی ہدایت پر مجلس وحدت مسلمین کے تمام ضلعی و صوبائی دفاتر کو جشن یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم اور برقی قمقموں سے آراستہ کیا جائیگا اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے،اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں وحدت سکاوٹس کی طرف سے جشن آزادی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے اس موقع پر اپنے ان شہدا ء کو فراموش نہ کیا جائے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے۔

متعلقہ عنوان :