جنرل ہسپتال کے مریضوں میں یوم آزادی کے بیجز کی تقسیم ، وارڈوں کی تزئین و آرائش جاری

اتوار 13 اگست 2017 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) یوم آزادی کے موقع پر جنرل ہسپتال کے مریضوں میں14اگست کی مناسبت سے بیجز تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ یوم آزادی کے موقع پر مختلف وارڈوں کی تزئین و آرائش کے کام میں مصروف ہے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب کی ہدایات پر اتوار کو چھٹی کے باوجود نرسز اور جنرل ہسپتال کا عملہ جشن آزادی کی تیاریوں میں مصروف رہا ۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر نے مختلف شعبوں میں یوم آزادی کی تیاریوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ 14اگست کی خوشیوں میں مریضوں کو بھی شامل کیا جائے انہوں نے پرچم کشائی کی تقریب اور دیگر تقریبات کی ریہرسل دیکھی اس موقع پر ایل جی ایچ کے ملازمین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں جانوں کی قربانی سے حاصل ہونے والا پاکستان ہم سب کو دل و جان سے پیار ااور یوم آزادی کا دن کسی عید سے کم نہیں انہوں نے کہا کہ ہم سب یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں گے اور اس دن کو یاد گار بنایا جائے گا ۔جنرل ہسپتال کی مختلف وارڈز کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا جا رہا ہے ایڈمن بلاک میں پرچم کشائی کی تقریب کے انتظاما ت بھی تیزی سے جاری ہیں ۔