کراچی میں مسافر وین میں آگ بھڑکنے سے 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 6افراد کی ہلاکت پروزیرِ ٹرانسپورٹ ناصرشاہ کو انکوائری کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا

اتوار 13 اگست 2017 19:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) کراچی کے علاقے گارڈن جیلانی مسجد کے قریب سلنڈر لیک ہونے کے باعث مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 6افراد کی ہلاکت پروزیرِ ٹرانسپورٹ ناصرشاہ کو انکوائری کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن جیلانی مسجد کے قریب لسبیلہ سے ہاکس بے جانے والی مسافر وین میں گیس سلنڈر لیک ہونے سے وین میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں موقع پر ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کرجاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ محمد سلیم، اہلیہ 40 سالہ نیلوفر، دو بیٹے 2 سالہ عبدالہادی اور14 سالہ شہریار، 45 سالہ بینش اوران کی بیٹی 14 سالہ مہوش شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق البیلہ چوک کے رہائشی دو خاندان پکنک منانے کی غرض سے ہاکس بے جارہے تھے کہ گارڈن کے مقام پر وین میں موجود گیس سلنڈر اچانک لیک ہونے سے وین میں آگ لگی جس کے فورا بعد وین ڈرائیور اور آگے بیٹھے دو بچوں نے گاڑی سے اتر کر اپنی جان بچائی لیکن پیچھے بیٹھے 6 افراد باہر نہ نکل سکے اور بری طرح جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وین میں موجود دونوں سلنڈر صحیح حالت میں ہیں، ممکنہ طور پر وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہو جس کے لیے تحقیقات کا آغازکردیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعے میں 6 افراد کی ہلاکت پروزیرِ ٹرانسپورٹ ناصرشاہ کو انکوائری کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وین روڈ پرچلانے کے قابل تھی یا نہیں یا پھر ڈرائیور کی غفلت تھی جیسا کہا جارہاہے کہ وہ نشے میں تھا۔ مجھے ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ چاہئیے۔

متعلقہ عنوان :