عوام کو سستی رہائشی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،گورنر سندھ

کراچی و حیدرآباد ترقیاتی پیکج کے منصوبے گورنر ہائوس کے زیر نگرانی مکمل کئے جا ئیں گے، محمد زبیر تعمیراتی صنعت کو حکومت بھرپور تعاون و مدد فراہم کرے گی، تین روزہ آباد ا یکسپو سے خطاب

اتوار 13 اگست 2017 19:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ کراچی و حیدرآباد ترقیاتی پیکج کے منصوبے گورنر ہائوس کے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی زیر نگرانی مکمل کئے جا ئیں گے اس ضمن میں پھیلائی جانے والی منفی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، ان منصوبوں کے ذریعہ دونوں شہروں کے انفرااسٹرکچر خصوصاً صنعتی علاقوں میں بنیاد ی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ غریب و متوسط افراد کو سستی رہائش فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں آباد کی جانب سے شروع ہونے والی کم لاگت رہائشی اسکیم کیلئے حکومت بھرپور تعاون و مدد فراہم کرے گی، آباد کی تین روزہ نمائش تعمیراتی صنعت کے رجحانات میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے لئے اہم ثابت ہوگی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ( آباد) کی تین روزہ انٹر نیشنل ایکسپو 2017 ء کے دورہ کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

تقریب میں آباد کے چیئر مین محسن شیخانی ، سینئر وائس چیئر مین محمد حسین بخشی ، جنوبی ریجن کے چیئر مین خواجہ محمد ایوب ، معروف بلڈرز ، صنعت کاروں ، تاجروں سمیت عمائدین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ نمائش میں 23 ممالک کی کمپنیوں کی شرکت سے مقامی صنعت کو جدید رجحانات سے آگاہی حاصل ہو سکے گی جس سے تعمیراتی صنعت کا فعال کردار یقینی ہے ، اس صنعت سے چونکہ 72 سے زائد شعبہ جات وابستہ ہیں اس لئے ملک میں بے روزگاری کی کمی میں تعمیراتی صنعت کا اہم کردار ہے اس ضمن میں تعمیراتی صنعت سے وابستہ افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے وفاق سے متعلق مسائل کے حل کے لئے نہ صرف متعلقہ وزارتوں بلکہ وزیر اعظم سے بھی بات کروں گا اور انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی بھرپور کوشش بھی کی جائے گی تاکہ تعمیراتی صنعت مزید تیزی سے فعال کردار ادا کرسکے ۔ تقریب سے خطاب میں آباد کے چیئر مین محسن شیخانی نے کہا کہ آباد 1972 ء میں قائم ہوئی تھی ، یہ چوتھی نمائش ہے اس سے قبل 2014-15-16 ء میں میں بھی اس طرح کی نمائشوں کا انعقاد کیا جاچکا ہے ۔

گذشتہ برس ایکسو نمائش میں 500 ارب کے معاہدوں کی مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط ہوئے تھے جس میں سے 350 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے کام شروع ہو چکا ہے ، اگر حکومت دیگر سہولیات اور حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کرے تو اس شعبہ میں مزید سرمایہ کاری یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آباد نے اسلام آباد میں کم لاگت رہائشی اسکیم شروع کردی کراچی میں جلد اس کا آغاز کرینگے تاکہ غریب و متوسط طبقہ کو رہائش کی سہولیات حاصل ہو سکیں ۔

متعلقہ عنوان :