قائد اعظمؒ کے پاکستان کو بدعنوان عناصر کی باقیات سے نجات دلا نے کا وقت آ گیا : ڈاکٹر طاہر القادری

اتوار 13 اگست 2017 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 70 ویں یوم آزادی کے موقع مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ آزادی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم ؒ کے پاکستان کو بدعنوان عناصر کی باقیات سے نجات دلا نے کا وقت آ گیا ۔ اپنے مفادات کیلئے آئین بدلنے کی باتیں کرنیوالوں نے آئین کی ہر شق کو 35سال تک اپنے مفادات کی خاطر بلڈوز کیا۔

اشرافیہ نے جی ٹی روڈ ریلی سے اپنے ہاتھوں سے اپنے چہروں سے نقاب الٹ دئیے،عوام کا بائیکاٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کی توثیق ہے ۔اقتدار سے بے دخلی پر شور و غوغا کرنیوالے بتائیں وہ وزیر خزانہ اور وزیر اعظم کے منصب تک پہنچے کیسے کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان میں طاقت کے توازن میں بری طرح بگاڑ پیدا کیا۔

(جاری ہے)

یہ کیسی سویلین بالا دستی ہے جس میں وہ اپنے گھر کے افراد کے سوا کسی اور پر اعتماد نہیں کرتے ۔

سلطنت شریفیہ میں دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو لوٹا جا رہا ہے ،کل تک اپنے اقتدار کو ترقی کا سبب قرار دینے والے 28جولائی کے بعد کہہ رہے ہیں 80 فی صد غریب پاکستانیوں کے پاس رہنے کو گھر نہیں اور چھوٹے صوبوں کی بے حالی کی بات کر رہے ہیںوہ یہ بتائیں کہ اقتدار میں تو آپ ہیں مورد الزام کسے ٹھہرا رہے ہیں 28جولائی کے بعد لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ڈبل ہو گیا ،اگر آپ نے لوڈ شیڈنگ ختم کی ہے تو آج عوام شدید حبس میں 16گھنٹے کیوں تڑپ رہے ہیں پارلیمنٹ سے لے کر عدلیہ اور جی ٹی روڈ پر جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کئے گئے ۔

آزادی کنونشن میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین ،چوہدری افضل گجر ،حافظ غلام فرید ،اشتیاق حنیف مغل، فرخ خان،یونس نوشاہی ، امدادحسین شاہ، عمر اعوان ،اصغر ساجد،فرح ناز،آمنہ بتول و دیگر رہنمائوں نے خصوصی شرکت کی۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نا اہلی کا متفقہ فیصلہ یوم آزادی پر ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے ۔ انشا اللہ اب قوم کو ٹھنڈی ہوائوں کے جھونکے ہی آئیں گے ،سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل بھی اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔

شہدا کے ورثاء کی بیٹیاں معزز عدلیہ سے انصاف مانگ رہی ہیں ۔جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کر کے ذمہ داروں کے چہروں سے نقاب ہٹایا جائے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک نے استحصالی نظام کے خلاف جانی و مالی قربانیاں دیں ۔قاتل انقلاب کا لفظ منہ سے نکالتے اچھے نہیں لگتے ۔