ْکوہاٹ، پولیس کا تحصیل لاچی میں سرچ آپریشن ،3 اشتہاریوں سمیت 34مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا

اتوار 13 اگست 2017 19:40

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) کوہاٹ کی تحصیل لاچی میں سرچ آپریشن کے دوران تین مطلوب اشتہاریوں سمیت 34مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کرکے قبضے میں لئے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال کی یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں جاری کردہ خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈی ایس پی لاچی روخان ذیب کی زیر نگرانی پولیس کی بھاری نفری نے ایس ایچ او محمد افضل اعوان کی قیادت میں لاچی کے دور افتادہ علاقوں ڈولی بانڈہ اورورشنڈ میں اشتہاری مجرموں ،منشیات فروشوں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث قانون شکن عناصر کے ٹھکانوں پر اچانک چھاپے مارے ۔

(جاری ہے)

جرائم پیشہ افراد کی کمین گاہوں پر چھاپوں اور گھر گھر تلاشی آپریشن کے سلسلے میں پولیس نے قتل کے مقدمات میں مطلوب تین اشتہاریوں سمیت 34مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر دو کلوشنکوف،ایک بندوق ،دو رائفل ، تین پستول،مختلف بور کے درجنوں کارتوس اور 1200گرام چرس برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔کاروائی میں گرفتار افراد کو تھانہ لاچی منتقل کردیا گیا جہاں اسلحہ و منشیات رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ مشکوک افراد سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :