وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایوبیہ میں 114 کنال اراضی پر مشتمل مجموعی ترقیاتی پلان ،ایوبیہ چیئر لفٹ کی ماڈرنائزیشن کی آئوٹ سورسنگ ،تھیم ایڈونچر پارک نتھیاگلی کے منصوبے کو خیبرپختونخوا بور ڈآف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے باہمی تعاون سے فوری مشتہر کرنے سے حوالے سے متعلق حکام کو ہدایت کردی

تمام سیاحتی مقامات بہترین طریقے سے تیار کئے جائیں ،ہم نے سیاحت سے پیسہ ہی نہیں کمانا بلکہ لوگوں کو سیاحت کی سہولیات دینی ہیں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک کا اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب

اتوار 13 اگست 2017 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک ے ایوبیہ میں 114 کنال اراضی پر مشتمل مجموعی ترقیاتی پلان اور ایوبیہ چیئر لفٹ کی ماڈرنائزیشن کی آئوٹ سورسنگ جبکہ تھیم ایڈونچر پارک نتھیاگلی کے منصوبے کو خیبرپختونخوا بور ڈآف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے باہمی تعاون سے فوری طور پر مشتہر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے کے سیاحتی مقامات کی تیز رفتار ترقی چاہتی ہے ،تمام سیاحتی مقامات بہترین طریقے سے تیار کئے جائیں ہم نے سیاحت سے پیسہ ہی نہیں کمانا بلکہ لوگوں کو سیاحت کی سہولیات دینی ہیں۔ وہ بروز اتوار وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میںاعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی محکموں منصوبہ بندی و ترقیات ، خزانہ ، توانائی اور بلدیات کے انتظامی سیکرٹریوں ، بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے اعلیٰ حکام ، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو ایوبیہ چیئر لفٹ ، تھیم ایڈونچر پارک ، مالم جبہ روڈ ، ناران چیئر لفٹ اور دیگر ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے ایوبیہ چیئر لفٹ کو جدید طرز پر ترقی دینے کی ضرورت زور دیا اور کہا کہ یہ لفٹ سیاحوں کیلئے بڑی پرکشش اور خوبصورت بنائی جاسکتی ہے۔لہٰذا اس کو مکمل ڈیزائن کے ساتھ آئوٹ سورس کریں ۔ناران چیئر لفٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس منصوبے کو بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نے محکمہ صحت کے تعاون سے جون 2016 میں مشتہر کیا تھا مگر شدیدبرفباری اور دیگر وجوہات کی وجہ سے اس پر کام شروع نہیں ہو سکااور معاملہ ابھی تک التواء کا شکار ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کو بھی بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے تعاون سے مشتہر کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ پارکنگ سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں ۔وزیراعلیٰ نے بیجنگ روڈ شو میں کئے گئے ایم او یوز پر معاہدوں کی پیش رفت بھی طلب کی اور ہدایت کی کہ جن منصوبوں پر ایم او یوز پر دستخط کئے گئے تھے اور تاحال اُن پر مزید پیش رفت نہیں ہوسکی اور متعلقہ کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے نہیں پایا تووہ منصوبے بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے ذریعے مشتہر کئے جائیں ۔

اگر متعلقہ کمپنی معاہدے میں دلچسپی نہیں لے رہی تو ہمارے پاس دیگر آپشنز موجود ہیں۔ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار بورڈآف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سے رابطے میں ہیںجو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے اسلام آباد میں بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ، اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پیڈو کا مشترکہ دفتر قائم کرنے کی بھی منظوری دی اور کہاکہ یہ دفتر بہت ضروری ہے ۔وہ سرمایہ کار جو بہ وجوہ خیبرپختونخوا نہیں آسکتے اُنہیں اسلام آباد میں ہی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :