آزادی کی قدر و قیمت کا اندازہ غلامی کی زنجیروں میں جکڑی قومیں جانتی ہیں، یوم آزادی ہمیں ہمارے آباؤاجداد کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتاہے ملک کی ترقی وخوشحالی کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک انصاف کی فراہمی،میرٹ کی بالادستی اور زندگی کی بنیادی سہولتیں عام آدمی کو اس کی دہلیز پر میسر نہ ہوں،،اس مرتبہ یوم آزادی کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ پانامہ کیس میں حالیہ فیصلے نے پی ٹی آئی کے ایک نئے پاکستان کے نعرے کوتقویت دی ہے

وزیر ۱علیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا جشن آزادی سے متعلق عوام کے نام پیغام

اتوار 13 اگست 2017 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) وزیر ۱علیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آزادی کی قدر و قیمت کا اندازہ غلامی کی زنجیروں میں جکڑی قومیں جانتی ہیں، یوم آزادی ہمیں ہمارے آباؤاجداد کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتاہے جس کے سبب آج ہم سب پاکستانی آزادی کی سانس لے رہے ہیں، ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا خواب اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک انصاف کی فراہمی،میرٹ کی بالادستی اور زندگی کی بنیادی سہولتیں عام آدمی کو اس کی دہلیز پر میسر نہ ہوں،اس مرتبہ یوم آزادی کی اہمیت اس لئے بھی زیادہ ہے کہ سپریم کورٹ کے پانامہ کیس میں حالیہ فیصلے نے تحریک انصاف کے ایک نئے پاکستان کے نعرے کوتقویت دی ہے اور کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوںکے احتساب کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

بروز اتوار انہوں نے یوم آزادی پاکستان کے پر مسرت موقع پر اپنے پیغام پر کیا ،وزیراعلیٰ نے خوشی کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم اور باالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو دلی مبارک باد دی ہے،انہوں نے کہا کہ ایک شفاف اور باوقار جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے عوام کو عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ قوم کو عمران خان کی شکل میں ایک مخلص اور نڈر قیادت ملی ہے جو ملک کوبحرانوں کے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا قافلہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کی طرف رواں دواں ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب قائد اعظم محمد علی جناح اورمفکر پاکستان علامہ اقبال کا خواب شرمندہء تعبیر ہو گا۔انہوں نے کہا صوبہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے شروع دن سے اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر ٹھوس اصلاحات کو متعارف کرایا اور اس کی روشنی میں قانون سازی کی ہے جس کے مثبت اثرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میںیہ بات لکھی جائے گی کہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایک ایسا ٹھوس اور شفاف نظام وضع کیا جس سے ادارے مستحکم ہوئے اور مراعات یافتہ اور استحصالی طبقات کے وارے نیارے ختم ہوئے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک میں سب سے پہلے صوبہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بلدیاتی انتخابات منعقدکرا کے اختیارات اور مالی وسائل کا اختیار نچلی سطح پر عملی طور پر منتقل کیا تاکہ عام آدمی با اختیار ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایک بے مثال جمہوریت میں عوام اپنے وسائل اور مشکلات کا حل مقامی سطح پر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے میرٹ ، شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کیلئے پچھلے چار سالوں میں ایسے اقدامات کیے جس کے دورس نتائج سامنے آئیںگے اور صوبے کے عوام کو یہ بات تسلیم کرنا پڑے گی کہ صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے جو کام کیے ہیں ان کی نظیر پچھلی70 سالوں میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن مسلح افواج اور خیبرپختونخوا کی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو نہیں بھول سکتے جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا عزم صوبے سے کرپشن کا یکسر خاتمہ ہے۔

ہم نے صوبے کو ایک نظام دیا تاکہ اس ناسور سے جان چھڑائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نہ صرف اداروں کو کھوکھلا کرتی ہے بلکہ گڈ گورننس کے حصول میں ایک سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں یوم آزادی اور قومی ذمہ داریوں کااحساس ہے۔ یوم آزادی کے تناظر میں پوری قوم سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر بد امنی، شورش اور انتہا پسندی کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔ وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ صوبائی حکومت کو ملک کی بقاء و سا لمیت، آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کے خواب کو شرمندہ کرنے میں سرخرو کرے۔