سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین رواں ہفتے جی ایچ کیو، ایل او سی اور وزیرستان ایجنسی کا دورہ کریں گے

آرمی چیف سے خصوصی ملاقات ہوگی، کمیٹی کے 3روزہ دورے کو حتمی شکل دیدی گئی

اتوار 13 اگست 2017 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین رواں ہفتے جی ایچ کیو، ایل او سی اور وزیرستان ایجنسی کا دورہ کریں گے ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے خصوصی ملاقات ہوگی ۔ کمیٹی کے 3روزہ دورے کو حتمی شکل دے دی گئی، اعلیٰ فوجی حکام کی مشاورت سے اس دورے کو حتمی شکل دی گئی ہے، وزارت دفاع کی طرف سے انتظامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق دہشت گردی و شدت پسندی کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ اس کی عظیم قربانیوں کے حوالے سے بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے مختلف مقامات کے 3روزہ دورے کو حتمی شکل دی گئی ہے، جس کے مطابق 16اگست بدھ کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین جی ایچ کیو کا دورہ کریں گے، یادگار شہداء پر پھول چڑھائیں گے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی، جوانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 17اگست کو کمیٹی کے اراکین آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے، بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے متاثرہ علاقوں کا دورہ اور وہاں کی مقامی آبادی سے ملاقاتوں کا امکان ہے،18اگست کو خصوصی انتظامات کے تحت قائمہ کمیٹی دفاع کے اراکین شمالی و جنوبی وزیرستان کا دورہ کریں گے اور وہاں پاک فوج کی بھرپور معاونت سے تعمیر نوکے کاموں کا جائزہ لیں گے، اراکین کو علاقے میںصحت، تعلیم ، آب نوشی، مواصلات کے جدید منصوبوں کے بارے میں نا صرف بریفنگ دی جائے گی بلکہ ان کا معائنہ بھی کروایا جائے گا، وزیرستان میں قائمہ کمیٹی کے اراکین پاک فوج کے جوانوں سے ملیں گے اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :