14گست کا دن ہمیں پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کے اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں،صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو

اتوار 13 اگست 2017 19:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2017ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے پوری پاکستانی قوم کو 70ویں جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14اگست کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کیسے ہمارے بڑوں نے قائداعظم کے شانہ بشانہ اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا تاکہ ایک آزاد ملک میں تمام اقلیتیں سکھ کا سانس لے سکیں۔

14گست کا دن ہمیں پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کے اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیںانہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنمائوں نے قائداعظم اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ قیام پاکستان کے لیے بہت سی قربانیاں دیں اور اقلیتوں کے فیصلہ کن ووٹ سے کامیابی حاصل ہوئی۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں سکھ، ہندو مسیحی سب کے حقوق اس وطن میں اُسی طرح محفوظ ہیں جتنے پاکستان میں مسلمانوں کے محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے حصول اور حفاظت کے لئے ہم اپنی گراں قدر شخصیات کے کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ ہمارے اقلیتی ہیروز میں پاکستان ایئرفورس گروپ کیپٹن سیسل چوہدری، ونگ کمانڈر میرون لیزلی مڈل،میجر جنرل نیول کھوکھر، میجر جنرل جولین پیٹر ،میجر جنرل کیزید مانک سپری والا،ایئرکموڈور نذیر لطیف ایئرمارشل ائیرک گارڈن ہال،کیپٹن ہرچرن سنگھ،چیف جسٹس ایلوین رابرٹ کارنیلئس ،جسٹس رستم سہراب جی سدھو، ڈاکٹر میرا فیلبوس،باپسی سدھو،جگن ناتھ آزاد،ہلدہ سعید،ڈاکٹر رتھ فائو ،ڈاکٹر ارنسٹ لال اور ڈاکٹر پرامیلال ،فاسن ایلیمر چوہدری،پروفیسر کرسٹی منیر ،کالن ڈیوڈ (آرٹسٹ) ،دیوان بہادرایس پی سنگھا(سیاستدان)،شہباز بھٹی شہید،جمشید کاکوباد ،انتھونی تھیڈورلوبو،اندومتھا ، جسٹس رانا بھگوان داس ،جوگندرناتھ منڈل ،جوشوا فضل دین ایڈووکیٹ اورسا ئیںداس کے ناموں کو ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کیسے پاکستان کے حصول اور اس کی ترقی میں ان ہیروز نے اپنا اپنا بے مثال کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اور ہم سب کو پاکستان میں امن،بھائی چارہ اور ہم آہنگی کے لئے ایک قوم بن کر آگے بڑھنا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے صوبہ بھر کی چرچ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ آج کے دن خصوصی طور پر پاکستان کی سا لمیت،امن،ترقی اور بھائی چارہ کے لئے دعائوں کا اہتمام کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :