تحریک لبیک یا رسول اللہﷺاور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام’’ دو قومی نظریہ‘‘ کے موضوع سیمینار کا انعقاد

اتوار 13 اگست 2017 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2017ء) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺاور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام’’ دو قومی نظریہ‘‘ کے موضوع پر ایل ڈی اے پلازہ کے سامنے واقع گرینڈیل 8 مارکی میں افکارِ رضا سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔جس کی صدارت بریلی شریف انڈیا سے تشریف لائے ہوئے شاہ محمد عمران رضا قادری نے کی ۔تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے اپنا تفصیلی مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دو قومی نظریہ پاکستان بنانے اور بچانے کا لائحہ عمل ہے۔

پاکستان کے قیام سے اکھنڈ بھارت والی سوچ کا جنازہ نکل گیا۔مجاہد اسلام حضرت محمد بن قاسم،حضرت داتا گنج بخش ،حضرت خواجہ غریب نواز،حضرت بابا فرید گنج شکر ،حضرت مجددِ الف ِثانی،حضرت امام فضلِ حق خیر آبادی،حضرت امام احمد رضا خاں بریلوی سب دو قومی نظریہ کے مبلغ تھے۔

(جاری ہے)

حضرت امام احمد رضا بریلوی نے مسلمانوں کو انگریز کے خلاف کی جداگانہ جدو جہد کا راستہ دکھایا جس سے آزادی کا سورج طلوع ہوا ۔

آپ کے ہندو مسلم اتحاد کو حرام قرار دینے کا فتویٰ قیامِ پاکستان کا باعث بنا۔آپ نے نوک قلم سے وطنیت کے بت توڑ دئیے اور برصغیر کے مسلمانوں کو حرمین شریفین کی طرف متوجہ کیا۔نواز شریف نے کراچی میں ہولی کے جلسے میں دو قومی نظریہ پر حملہ کیا ،رحمن اور بھگوان کو ایک کہا ،دربار مصطفیٰ ﷺ سے بیوفائی کی جو اس کے زوال کا باعث بنی۔نواز شریف اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے نااہلی کے فیصلہ کو ظلم قرار دے کر سیاسی شہید بننا چاہتا ہے۔اسے عدلیہ کے خلاف مہم جوئی مہنگی پڑے گی۔