وزارت خزانہ سے شوگر مافیا کو اربوں کی سبسڈی بارے متعلقہ دستاویزات غائب ہونے کا انکشاف

اتوار 13 اگست 2017 19:11

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2017ء) شوگر مافیا کو اربوں روپے سبسڈی دینے بارے متعلقہ دستاویزات وزارت خزانہ سے غائب ہوگئی ہیں‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے چار سالہ دور میں اربوں روپے شوگر مافیا کو دے چکے ہیں۔ یہ اربوں روپے شوگر مافیا کو چینی برآمد کرنے پر دیئے گئے ہیں۔ ایک عام اندازے کے مطابق قوم کے 12 ارب روپے شوگر مافیا گزشتہ چارسالوں میں ہضم کر چکا ہے۔

یہ بھاری قومی فنڈز ہضم کرنے والوں کی فہرست میں شریف خاندان اور ان کے قریبی افراد کی شوگر ملیں شامل ہیں۔ گزشتہ سال شوگر مافیا کو نواز شریف نے چھ لاکھ میٹرک چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ شوگر مافیا نے چھ لاکھ میٹرک ٹن چین برآمد کرنے کیلئے ملک میں ایک میڈیا مہم چلائی تھی اور اخبارات کو کروڑوں روپے کے اشتہارات دیئے تھے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ حکام سے مل کر چلائی جانے والے شوگر مافیا کی مہم کے نتیجہ میں اسحاق ڈار نے دو لاکھ سے زائد مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی۔

چینی ملک سے برآمد ہونے کے بعد اب ملک میں چینی کی قیمت پانچ سو روپے فی 100 کلو گرام اضافہ ہوگیا ہے ملک کے دور دراز علاقوں میں چینی ستر روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے آنے والے دنوں میں چینی کی قیمتو میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ قیمتوں میں اضافہ کرکے چینی مافیا اور شوگر مل مافیا غریب عوام سے اربوں روپے نکالنا چاہتا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شوگر مافیا کو دیئے جانے والے سبسڈی کے طور پر اربوں روپے کا ریکارڈ وزیر خزانہ کے آفس سے غائب ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اہم اور حساس دستاویزات غائب ہونے پر ماتحت عملہ پر برس پڑے ہیں اور اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔