بلدیہ شرقی یوسی 22 کے تحت جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ جاری

مونٹینا ہائی اسکول کے ننے طلبہ وطالبات کی دلکش پرفارمنس نے ڈسٹرکٹ چیئرمین معیدا نور سمیت تمام حاضرین کے دل موہ لیئے

اتوار 13 اگست 2017 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) بلدیہ شرقی یوسی 22 کے زیر تحت جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ، اس سلسلے میں مونٹینا ہائی اسکول میں یوم آزادی کے حوالے سے فنکشن کا انعقاد کیا گیا ، اس موقع پرچیئرمین بلدیہ شرقی معید انوراور یوسی22 کے چیئرمین عبدالسلام ، وائس چیئرمین محمد غوث نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ اس موقع پر اساتذہ، والدین اور دیگر حاضرین بھی موجود تھے ۔

تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے پروگرام میں بچوں نے جوش و جذبے کے ساتھ بھرپور حصہ لیا اور دلکش پرفارمنس اورخوبصورت آوازوں سے سامعین کے دل موہ لیئے ۔ چیئرمین شرقی معید انور نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں ہوتی رہنی چایئے جس سے ہمارے بچوں میں اپنے وطن سے عقیدت و محبت کا جذبہ بیدار ہو اور اپنے ملک و قوم کیلئے کچھ کرگزرنے کی جستجو پیدا ہو، انہوں نے کہا کہ یہی مستقبل کے معمار ہیں ان پر سرمایہ کاری وقت کی سب سے بہترین سرمایہ کاری ثابت ہوگی، اس موقع پر انہوں نے ننے طلبہ و طالبات کی پذیرائی کیلئے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیئے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلدیہ شرقی کی جانب سے جشن آزادی کے موقع کی مناسبت سے بھرپور انتظامات کیئے جار رہے ہیں جس میں سرکاری اسکولوں کے بچو ں کے درمیان مختلف مقابلوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ پورے ڈسٹرکٹ کو سجایا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے وائس چیئرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان ، یوسی 22 کے چیئرمین عبدالسلام اور وائس چیئرمین محمد غوث کے ہمراہ یوسی 22 کے دفتر میں پرچم کشائی کی اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں ۔