چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے یوسی 11 کے چیئرمین محمد مرسلین اور وائس چیئرمین آسیہ باجی کے ہمراہ خالد بن ولید پارک کا افتتاح کردیا

اتوار 13 اگست 2017 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے یوسی 11 کے چیئرمین محمد مرسلین اور وائس چیئرمین آسیہ باجی اور ایس ای ایسٹ شفیق الرحمن و دیگر کے ہمراہ خالد بن ولید فیملی پارک کا افتتاح کر دیا ، افتتاح کے موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین معید انور نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے منتخب نمائندوں کی کاوشوں کے سبب محلے کی سطح پر پارکوں کی تعمیر اور تزین و آرائش کر کے مکینوں کے حوالے کیا جا رہا ہے اب ضرورت ہے کہ محلے کے لوگ اس کی حفاظت کی ذمہ داری لیں اور کوشش کی جائے کہ پارکوں کی درستگی کے بعد اس سے استفادہ بھی مکین اٹھائیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں انتظامیہ کی غفلت کے سبب پارک کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیا تھا جس کا نئی بلدیاتی قیادت نے فوری نوٹس لیا اور پارک کے ریوائیول کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علاقہ مکینوں نے بلدیہ شرقی کی جانب سے بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ڈسٹرکٹ چیئرمین معید انور اور نئی بلدیاتی قیادت نے ہمارے مسائل کو سمجھ کر بالترتیب مسائل کے حل کیلئے کوشیں کیں ، اس کیلئے ہم ان کے بہت مشکور وممنون ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں بھی بلدیہ شرقی کی کارکردگی اسے طرح جاری رہے گی۔

علاوہ ازیں چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے نمائش چورنگی پر تکون پارک میں جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا جہاں خوبصورت پودوں کی افزائش کے ساتھ ساتھ بابائے قائد کے مونومنٹ کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل کرلیا گیا ہے ، اس کے علاوہ گھاس لگانے اور چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر کام بھی آخری مراحل میں ہیں ، چیئرمین معید انور نے تمام کاموں کے معائنے کے بعد متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوری کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور ایسے اقدامات کیئے جائیں جس سے ہماری عوام لطف اندوز ہوسکیں ۔اس موقع پر ایس ای ایسٹ شفیق الرحمن ، ڈائریکٹر پارکس اقبال شیخ ، سینئر ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ اقبال احمد و دیگر افسران موجود تھے۔