عافیہ موومنٹ اور عافیہ کے اہلخانہ کی جانب سے پوری قوم کو یوم آزادی مبارک

قائد کے فرمان تنظیم، اتحاد اور یقین محکم پر عمل کرکے ہی قیام پاکستان کا مقصد حاصل ہوگا،ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نوجوانوں کو نئے عزم کے ساتھ ایک ہوکرقوم کی بہنوں اور بیٹیوں کی حفاظت کرنا ہوگی، امن کیلئے پوری قوم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارہے

اتوار 13 اگست 2017 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہاہے کہ70 سال پہلے مسلمانوں کیلئے ایک ایسی ریاست کی جدوجہد کامیاب ہوئی تھی جس میں قوم کی مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں محفوظ ہوں گی۔ ایک ایسی ریاست قائم ہوگی جہاں زکوٰة دینے والے توہزاروں ہوں گے لینے والا کوئی نہ ہوگا۔

علم و فن کا بول بالا ہوگامگر افسوس حکمرانوں نے خودی کو خاک میں ملادیا۔ قوم کو مقروض اور مغرب کا غلام بنادیا۔ 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ نااہل اور کرپٹ رہنمائوں اور انتظامیہ کی وجہ سے عوام ذہنی غلام بنادئیے گئے۔70 سال کے بعد نئی نسل نہ جاگی توقوم کا وجود خطرے میں پڑجائے گاجبکہ ایک بازو کٹ چکا ہے اور شہ رگ تڑپ رہی ہے۔

(جاری ہے)

جہاں قوم جشن منا رہی ہے وہاں ان تلخ حقائق کو بھی سامنے رکھنا چاہئے۔ قائد کے فرمان تنظیم، اتحاد اور یقین محکم پر عمل کرکے ہی قیام پاکستان کا مقصد حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس ملک کی معصوم بیٹی غیروںکی قید میں آہ وزاری کررہی ہو اس ملک کے نوجوانوں کو نئے عزم کے ساتھ غیرتمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور عصبیت کو بالائے طاق رکھ کر ایک ہوکر اپنی بہنوں اور بیٹیوں کی حفاظت کرنا ہوگی۔

جب ہی پاکستان کو صحیح معنوں فلاحی ریاست بنانے کا مقصد پورا ہوسکے گا ۔الحمدللہ عافیہ کے بچوں احمد اور مریم نے اس سال ابتدائی تعلیم کا مرحلہ شاندار گریڈ میں کامیابی حاصل کرکے مکمل کرلیا ہے اور اپنی ذہین ماں کی طرح اب اعلیٰ تعلیم کا اگلہ مرحلہ شروع کرنے جارہے ہیں۔ عافیہ کی قید ناحق کو 14 سال مکمل ہوچکے ہیں۔عافیہ سے رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے اسے یہ خوشخبری سنانے کو پورا گھر ترس رہا ہے۔

عافیہ موومنٹ اور عافیہ کے اہلخانہ کی جانب سے پوری قوم کو یوم آزادی مبارک ہو۔ ان شاء اللہ عافیہ کو واپس لا کر عافیہ کا تعلیم یافتہ پاکستان کا خواب پورا کریں گے۔یوم آزادی کے موقع پر کوئٹہ میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ امن کیلئے پوری قوم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارہے۔پاک فوج کے جوانوں اور شہریوںکی قیمتی جانوں کے نقصان پرانتہائی افسوس ہے۔ دعا گو ہیںاللہ تعالیٰ زخمیوں کو صحتیابی اور شہداء کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :