کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرلی ، اب نظام بدلنا ہو گا ‘ عبدالعلیم

ملک کو اربوں روپے کا نقصا ن پہنچانے والی ریلی اپنے انجام کو پہنچ چکی ،کرپٹ خاندان کا پول کھل گیا

اتوار 13 اگست 2017 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ یہ یوم آزادی اس لحاظ سے مبارک ثابت ہوا ہے کہ سپریم کورٹ سے سزا یافتہ کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارا مل چکا ہے اب ملک کو انصاف اور مساوات پر مبنی نیا نظام دینا ہو گا ۔یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہاکہ سرکاری پروڈکشن ڈرامہ ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ بری طرح فلاپ ہوگیا، کئی دنوں تک رونے دھونے کی اداکاری کرنے کے باوجود نواز شریف عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں ناکام رہے،نظام زندگی مفلوج اور ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والی ریلی نے نواز لیگ کی رہی سہی سیاسی ساکھ بھی تباہ کردی عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف کی چوریاں پکڑی گئیں،جے آئی ٹی کی رپورٹ نے پورے نواز خاندان کی کرپشن کا پول کھول دیا،ریفرنس کیس اور جیلیں ان کی منتظر ہیں،اس کے باوجود نواز شریف نے ایک ہی رٹ لگائی ہے کہ میرا قصور کیا ہے، انہوں نے کہا کہ تھوڑا انتظار کریں،ایک ایک جرم خود بولے گا،کیس بھی چلیں گے، سزائیں بھی ہونگی، لوٹ مار کی کمائی سمیٹ کر باہر جمع کرنے والے بھی پاکستان واپس لائے جائیں گے،ان کے شاہی محلات میں یونیورسٹیاں بنائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ کرپشن کے بادشاہ نواز شریف نااہل ہوچکے،ملکی سیاست میں ہمیشہ کیلئے سابق ہوچکے لیکن اپنی عادتیں بدلنے کی بجائے آئین بدلنے کی باتیں کررہے ہیں،اقتدار چھن جانے پر نظام کو ہی وائرس زدہ قرار دینے والوں کی نظر میں وہی چیزیں آئینی ہیں جن سے ان کی بادشاہت اور کرپشن کو تحفظ ملے، عبدالعلیم خان نے کہا ریلی کے دوران سرکاری مشینری اور پولیس کی مدد سے لگائے گئے سپیکروں سے عدلیہ اور فاضل ججز کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو آئین اور قانونی کی بات کرتے ہوئے شرم آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کئی دن جی ٹی روڈ پر اپنی رسوائی کا خود تماشا لگانے کے بعد لاہور میں نواز شریف اپنی ریلی کا مقصد تک نہیں بتاسکے،30سال تک لوٹ مار کرکے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کرنے والوں کو انقلاب کی باتیں زیب نہیں دیتیں،ملک کو کرپشن،بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے تحفے دینے والے قوم کے مجرم ہیں، عبدالعلیم خان نے کہا کہ انقلاب کیلئے خون اور قربانیاں دینا پڑتی ہیں،نوازخاندان کا تو بچہ بچہ عوام کا خون چوس کر پروان چڑھا اور اب بادشاہت کا حصہ بن کر آنے والی نسلوں کا حق بھی کھا رہا ہے۔عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نے کرپشن کیخلاف جہاد شروع کیا تھا،ابھی کرپشن کا ایک بت گرایا ہے،دیگر کی باری بھی آنے والی ہے۔