آرٹیکل 35اے کو منسوخ کرنے کے منصوبے کے خلاف مکمل ہڑتال بھارت کے لیے چشم کشا ہے، انجینئر رشید

اتوار 13 اگست 2017 17:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میںعوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر رشید نے کہا ہے کہ آرٹیکل 35A کومنسوخ کرنے کے منصوبے کے خلاف مکمل ہڑتال بھارت کے لیے چشم کشا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام نے مکمل اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے اور اگر بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خلاف مذموم منصوبے کو جاری رکھا تو اسے سخت مزاحمت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات شرمناک ہے کہ ایک طرف کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ دعویٰ کرتی ہیں کہ بھارتی وزیر اعظم نے انہیںکشمیر کی خصوصی حیثیت اور آرٹیکل 35A کو کمزور نہ کرنے کی یقین دہائی کرائی اور دوسری طرف سپریم کورٹ میں بھارت کے اپنے ہی آئین کا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سخت ترین مزاحمت کے لیے تیار رہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل 35A کا دفاع نہ کرنے سے نہ صرف بھارتی حکومت بلکہ محبوبہ مفتی بھی بے نقاب ہوگئیں۔

متعلقہ عنوان :