وین میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق،4 زخمی، وزیر اعلی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا

اتوار 13 اگست 2017 17:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) وین میں آگ لگنے سے 6 افراد جھلس کر جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو زرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں چڑیا گھر کے قریب ہائی ایس وین میں دھماکہ ہونے کے بعد آگ لگ گئی جس سے ایک خاندان کے 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن میں 50 سالہ محمد سلیم اس کی45 سالہ اہلیہ نیلوفر سلیم، 2 سالہ بیٹا عبد الہادی سلیم ،14 سالہ شہریار سلیم،40 سالہ بینش علی اور14 سالہ مہوش علی شامل ہیں۔

حادثے میں 4 افراد زخمی ہوئے جن میں علی،مریم،شہرباز اور نامعلوم افراد شامل ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہا ں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ جاں بحق اور زخمی افراد لسبیلہ کے رہائشی ہیں جو پکنک کے لئے ساحل سمندر پر جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گاڑی میں آگ سلنڈر پھٹنے سے نہیں بلکہ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے کیونکہ گاڑی میں موجود سلنڈر کے پھٹنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کو گرفتار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دوسری طرف وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے وین میں6 افرادکے جھلس کرجاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیکر وزیرٹرانسپورٹ ناصرحسین کو انکوائری کمیٹی بناکر ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان وزیر اعلی کے مطابق مراد علی شاہ نے واقعہ میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔ وزیر اعلی نے وزیر ٹرانسپورٹ کو ایک ہفتے میں وین میں آگ لگنے کی تفصیلی رپورٹ دینے کا حکم دیا۔ مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ واقعہ کے ذمہ دار کو ضرور کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :