نوا ز شریف کی پالیسیو ں سے پاکستان کو ایشیا کااقتصادی ٹائیگر بنا کر دم لیںگے

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی این اے پچاس کے مسائل کے حل کے لیے اقداما ت کر رہے ہیں معاون خصوصی حافظ عثمان عباسی کا کارکنوں سے خطاب

اتوار 13 اگست 2017 17:10

کلرسیداں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی حافظ عثمان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نوا ز شریف کی پالیسیاں جاری رکھتے ہوئے پاکستان کو ایشیا کااقتصادی ٹائیگر بنا کر دم لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری امانت حسین کی وفات پر ٹکال میں ان کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی حلقہ این اے پچاس کے ایک ایک گاؤں کے مسائل سے آگاہ ہیں اور انہیں حل کرنے کے لیے عملی اقداما ت اٹھائے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کلر سیداں کی تین یونین کونسلوں کنوہا،چوآ خالصہ اور سموٹ میں سوئی گیس کا کام جلد شروع ہو گا۔ کلر سے سر صوبہ شاہ دورویہ سٹرک کی تعمیر ستمبر، اکتوبر کے وسط میں شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحوم چوہدری امانت حسین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مسلم لیگ ن کا گراں قدر سرمایہ تھے اور ان کا شمار وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا۔انہوں نے چوہدری امانت حسین مرحوم کی خواہش کے مطابق ٹکال سے موتی مسجد جانے والی سڑک کے برساتی نالے پر پل کے لیے تمام مطلوبہ فنڈز مہیا کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس کیلئے سروے کی ٹیم کوجلد بھیجا جائے گا۔حافظ عثمان عباسی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے چوہدری امانت حسین کی وفات پر دلی تعزیت کا پیغام بھی پہنچایا۔