ریفنڈز کی ادائیگی سے برآمد کنندگان اور ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی ہوگی،ایف پی سی سی آئی

اتوار 13 اگست 2017 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی)نے 23 ارب روپے کے ریفنڈز کی ادائیگی کے حوالہ سے وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے برآمد کنندگان اور ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ایف پی سی سی آئی کی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے صنعت کے چیئرمین عاطف اکرم شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے کاروباری برادری سے کیا گیا اپنا وعہدہ پورا کرتے ہوئے ریفنڈز کی ادائیگیوں کو یقینی بنایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ کاروباری برادری کے مسائل کو سمجھتے ہوئے انکے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال 2017-18ء کے پہلے ماہ میں قومی برآمدات میں 10.6فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور ریفنڈز کی ادائیگیوں سے آنے والے دنوںمیں برآمدات کے مزید اضافہ اور تجارتی خسارے کو کم کرنے میںمدد ملے گی۔

(جاری ہے)

عاطف اکرم شیخ نے کہا کہ گزشتہ 4سالوں کے دوران ٹیکس وصولیاں 1946ارب روپے سے 3362ارب روپے تک بڑھ چکی ہیں جو ایف بی آر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس رعائیتوں کے خاتمہ اور اس کے دائرہ کار میں توسیع سے ٹیکس وصولیوں کا حجم 6ہزار ارب روپے تک بڑھایا جاسکتاہے ۔