سکولوں میں انرجی اور فارمولا ڈرنکس پر پابندی کا اطلاق(آج ) سے ہو گا

پابندی پر عمل در آمد کے لیے 700ٹیمیں تشکیل ، خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا

اتوار 13 اگست 2017 17:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء)پنجاب فوڈاتھارٹی نے کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس بنانے والی کمپنیوں کو تعلیمی اداروں کی کینٹینز میں کولڈ ڈرنکس کی سپلائی بند کرنے کے احکامات دے دیئے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ اس ضمن میں پی ایف اے نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام تعلیمی اداروں اور ان کے احاطے کے 100میٹر کے اندر قسم بھی کینٹن ،دوکان یا ڈرنک کارنر کو بوتلیں سپلائی نہ کی جائیں۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سکولوں میں انرجی اور فارمولا ڈرنکس پر پابندی کا اطلاق(آج ) پیر سے ہو گا۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سپلائی مہیا کرنے والے سپلائر کے ساتھ ساتھ متعلقہ کمپنی کو بھی جرمانے اور سزائوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے اس حوالے سے بتایا کہ کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کے بچون کی صحت ، خصوصا ہڈیوں کی نشوونما پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیش نظر دنیا بھر کے 120ممالک میں سکولوں اور ان کے اردگرد کولڈڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی عائد ہے جن میں نہ صرف امریکہ برطانیہ جیسے ممالک بلکہ سعودی عرب اور دیگر عرب ریاستیں بھی شامل ہیں۔

جدید ممالک میں اس پابندی کا اطلاق 2006سے ہی کر دیا گیا تھا ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی سائینٹیفک پینل نے پنجاب ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن فوڈ سٹینڈرڈ ریگولیشن 2017ء تیار اور پاس کروا کر سکولوں میں سپلائی ہونے والی خوراک کو ریڈ، یلو اور گرین کے درجوں میں تقسیم کیا ہے۔ سائنٹیف پینل نے مکمل تحقیق اور دنیا بھر کے ماہریں سے مشاورت کے بعد کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کو ریڈ کیٹگری میں شامل کر کے ان پرپابندی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس پر فوری عمل درآمد کی ضرورت پر ضرور دیا ہے جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی بورڈ نے اس ضمن میںبورڈ کی منظوری کے ساتھ خصوصی آپریشن ٹیمیں تشکیل دے کر صوبے بھر میں جامع آپریشن کی مکمل حمایت کی ہے۔

نورالامین مینگل نے مزید بتایا کہ پابندی پر عمل درآمد کروانے کے لیے بورڈ کی اجازت اور حمایت سے 701خصوصی آپریشن ٹیمیں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔ علاوہ ازیں14 اگست سے 13 ستمبر تک صوبہ بھر میں کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس پر پابندی اورعمل درآمد مہینہ کے طور پر منایا جائے گا اور تمام آپریشن ٹیمیں کولڈ ڈرنکس پر لگائی جانے والی پابندی پر عمل درآمد کروانے کے لیے متحرک رہیں گی۔