سیکرٹری زراعت پنجاب کا سرکاری زرعی فارمز کی مینجمنٹ پر عدم اطمینان کا اظہار

اتوار 13 اگست 2017 17:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے سرکاری زرعی فارمز کی مینجمنٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ سرکاری زرعی فارمزکی حالت زار بہتر بنانے میں کوتاہی کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔محکمہ زراعت کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت نے کہاکہ زرعی مداخل کی مد میں فنڈز اور دوسرے وسائل ڈیمانڈ کے مطابق مہیا کیے گئے ہیں ،زرعی فارمز کی بحالی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کے صحیح استعمال سے ان کی حالت تبدیل کی جاسکتی ہے اور ان فارمز کا نقشہ قلیل مدت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

سرکاری زرعی فارمز کو ماڈل فارمز میں تبدیلی کا خواب نظام آبپاشی کی تنصیب، نئی اقسام متعارف کرانے، فارم میکنائزیشن اور خلوص نیت سے کام کی رفتار میں اضافہ سے شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تاحال سرکاری زرعی فارمز کی پراڈکٹویٹی (Productivity) نہ ہونے کے برابر ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ایمانداری اور نیک نیتی سے کام نہیں کریں گے ان کیلئے محکمہ میں مزید کوئی گنجائش نہیں ہے۔ سرکاری فارمز پر پروکیورمنٹ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری زرعی فارمز کی حالت نہایت غیر تسلی بخش اور کسی طورپر معیار کے مطابق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :