امریکی صدر کی ورجینیا میں نسلیت پرستوں کے مظاہرے کی شدیدمذمت

تشدد اور نفرت کو قبول نہیں کیا جائے گا، نسلیت پرستی کے مظاہرے امریکہ میں کوئی نئی پیش رفت نہیں ہیں، یہ مسئلہ صرف میرے یا باراک اوباما کے دور سے متعلق نہیں ہے بلکہ ایک طویل عرصے سے ہمارے ملک کو درپیش مسئلہ ہے،ہمیں اس ملک کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہیے ان زخموں کی تاریخ بہت پیچھے تک جاتی ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

اتوار 13 اگست 2017 16:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست ورجینیا سے منسلک شہر شارلٹ وِل میں نسلیت پرستوں کے مظاہرے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد اور نفرت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے منعقدہ پریس کانفرنس میں شارلٹ وِل میں نسلیت پرستوں اور مخالفوں کے درمیان پیش آنے والے واقعات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تشدد اور نفرت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم پیش آنے والے ان کثیر الجہتی تشدد اور نفرت کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ٹرمپ نے کہا کہ نسلیت پرستی کے مظاہرے امریکہ میں کوئی نئی پیش رفت نہیں ہیں، یہ مسئلہ صرف ڈونلڈ ٹرمپ یا باراک اوباما کے دور سے متعلق نہیں ہے بلکہ ایک طویل عرصے سے ہمارے ملک کو درپیش مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہیے ان زخموں کی تاریخ بہت پیچھے تک جاتی ہے۔

ہر کوئی ان مسائل کا حل چاہتا ہے اور ہم بھی ان مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر ہر طرح کے اقدامات کریں گے۔دوسری طرف امریکی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق نسلیت پرستی کے مخالف مظاہرین کے گروپ پر چلتی گاڑی چڑھا دی گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے ہیں۔زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔شہر میں نسلیت پرستوں اور نسلیت پرستی مخالف گروہوں کے درمیان تشدد کے واقعات جاری ہیں۔