افغانستان میں طالبان نے ایک اور ضلع پر قبضہ کرلیا

سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں اہم طالبان رہنمائوں سمیت 34جنگجو ہلاک ، 15زخمی امریکہ نے امیر کا عہدہ سنبھالنے والے داعش کے اہم رہنما عبدالرحمان کی ہلاکت کی تصدیق کردی

اتوار 13 اگست 2017 16:10

افغانستان میں طالبان نے ایک اور ضلع پر قبضہ کرلیا
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) افغانستان میںطالبان نے ایک اور ضلع پر قبضہ کرلیا جبکہ سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کے اہم رہنمائوں سمیت 34جنگجو ہلاک اور 15زخمی ہوگئے ،ادھر امریکہ نے فضائی کاروائی میں امیر کا عہدہ سنبھالنے والے داعش کے اہم رہنما عبدالرحمان کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ سرائے پل میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کے اہم رہنمائوں سمیت 34جنگجو مارے گئے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ فضائی آپریشن ہلاک ہونے والوں میں طالبان کا سابق فرضی گورنر عبدالواحد،ایڈورٹزنگ انچارج مولوی صدیق اور اہم کمانڈر قاری قادر شامل ہیں۔209شاہین آرمی کور کے کرنل نصراللہ جمشیدی کا کہنا ہے کہ فضائی کاروائی کٹا قلعہ گائون،مرزا ہولنگ اور لغمان گائوں کے علاقے میں کی گئی جس میں 15جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ دہشتگردوں کے 2ملٹری بیس تباہ کردیئے گئے ۔

(جاری ہے)

ادھر طالبان نے غورمچ ضلع پر قبضہ کرلیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے تاہم پولیس چیف نے اسکی تردید کی ہے ۔فریاب پولیس چیف دلاور شاہ دلاور کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز ضلع میں پیچھے ہٹنے کے بعد واپس آگئی ہیں۔سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں ہفتہ کو شروع ہوئیں جو جاری ہیں۔دوسری جانب افغانستان میں امریکی فوج نے داعش کے اہم رہنما جس نے امیر کا عہدہ سنبھالا تھا کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ۔امریکی اور افغان فورسز نے کنڑ میں داعش کے صوبائی رہنما اور شام خراسان کے امیر عبدالرحمان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔عبدالرحمان 10اگست کو ضلع درہ پیچ میں فضائی کاروائی کے دوران اپنے 3دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مارا گیا تھا۔