وطنِ عزیز کو درپیش چیلنجوں کے پیش نظر غیرجذباتی طریقے سے مسائل کا جائزہ لے کر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دینا ضروری ہے، یوم آزادی پر قومی مقاصد کے حصول ،نصب العین کے تعین اور اس میں کامیابی کے لیے اختیار کیے گئے طریقہٴ کار سے کبھی انحراف نہ کرنے کا عزم کرتے ہیں، رنجشوں اور گلے شکووں پر قابو پا کر خالصتاً قومی مفاد میں آئینِ پاکستان پر متحد ہونے اور اس کی حفاظت اور پاسداری کو یقینی بنانے کا عزمِ نو کرناہوگا ، آئین پاکستان ہمیں اپنی ذات سے بلند کر کے قومی مقاصد کی آبیاری کا راستہ دکھائے گا

صدرمملکت ممنون حسین کا یوم آزادی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

اتوار 13 اگست 2017 15:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) صدرمملکت ممنون حسین نے یوم آزادی کے موقع پر تمام اہلِ وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ وطنِ عزیز کو آج جن چیلنجوں کا سامنا ہے اُن کے پیش نظر ضروری ہے کہ غیرجذباتی طریقے سے مسائل کا جائزہ لے کر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دیا جائے، یوم آزادی پر قومی مقاصد کے حصول ،نصب العین کے تعین اور اس میں کامیابی کے لیے اختیار کیے گئے طریقہٴ کار سے کبھی انحراف نہ کرنے کا عزم کرتے ہیں، رنجشوں اور گلے شکووں پر قابو پا کر خالصتاً قومی مفاد میں آئینِ پاکستان پر متحد ہونے اور اس کی حفاظت اور پاسداری کو یقینی بنانے کا عزمِ نو کرناہوگا کیونکہ یہی دستاویز ہمیں اپنی ذات سے بلند کر کے قومی مقاصد کی آبیاری کا راستہ دکھائے گی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہارملک کے یوم آزادی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ آج خوشی اور جوش و جذبے کے وفور میں قومی پرچم سر بلند کرتے، کاروانِ عزم و ہمت کو ہمیشہ رواں دواں رکھنے کا عزم صمیم دہراتے اور تعمیرپاکستان کے عہد کی تجدید کرتے ہوئے مسّرت کے بے پایاں جذبات کے ساتھ ساتھ ہمارے دل و دماغ میں بعض خدشات بھی اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں ، آج سے ستّر برس قبل آزادی حاصل کرتے وقت ہمارے بزرگوں نے عزم کیا تھا کہ اپنی جہد مسلسل سے اقوامِ عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی یہ قوم اپنے فکروعمل سے ایک ایسے نظام کی نقیب بنے گی جس کے نتیجے میں یہ خطہٴ ارض امن وآشتی کا گہوارہ بنے گا اور ایک ایسا فلاحی معاشرہ وجود میں آئے گا جس کی پیروی کر کے دنیا اپنے دکھوں سے نجات حاصل کرے گی ۔

صدر مملکت نے کہاکہ وطنِ عزیز کو آج جن چیلنجوں کا سامنا ہے، اُن کے پیش نظر ضروری ہے کہ غیرجذباتی طریقے سے مسائل کا جائزہ لے کر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دیا جائے ایسے میںضروری ہے کہ اپنی رنجشوں اور گلے شکووں پر قابو پا کر خالصتاً قومی مفاد میں آئینِ پاکستان پر متحد ہوجائیں اور اس کی حفاظت اور پاسداری کو یقینی بنانے کا عزمِ نو کریں کیونکہ یہی دستاویز ہمیں اپنی ذات سے بلند کر کے قومی مقاصد کی آبیاری کا راستہ دکھائے گی اور انشاء اللہ قومی امنگوں کے ترجمان کی حیثیت سے وطنِ عزیز کی ترقی واستحکام کی ضمانت فراہم کرے گی۔

صدرمملکت نے کہاکہ آج کے دن ہم عہد کر تے ہیں کہ قومی مقاصد کے حصول ،نصب العین کے تعین اور اس میں کامیابی کے لیے اختیار کیے گئے طریقہٴ کار سے کبھی انحراف نہیں کریں گے ، ریاست اور نظامِ ریاست کے استحکام کا راستہ بھی اسی روّیے سے نکلے گا، جمہوری روّیوں میں بلوغت و پختگی بھی اسی سے پیدا ہو گی اور قومی ترقی واستحکام کا راستہ بھی اسی سے ہموار ہو گا۔

صدر مملکت نے کہاکہ آئیی!وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے دست و بازو بن جائیں، اپنے دامن سے نفرتوں اور بدگمانیوں کو جھاڑ کر اخلاص و محبت کو فروغ دیں اور مایوسی کے اندھیروں کو امید کی روشنی میں بدل کر اپنی قوم کا مستقبل محفوظ بنا دیںتاکہ ہم اپنے وطن میں آزادی کی حقیقی خوشیاں منا سکیں۔

متعلقہ عنوان :