رواں سال مشاعر ٹرین کے ذریعے پانچ لاکھ سے زیادہ حجاج سفر کریں گے

اتوار 13 اگست 2017 14:51

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء)رواں سال مناسک حج کی ادائیگی کے دوران مشاعر ٹرین کے ذریعے پانچ لاکھ سے زیادہ حجاج سفر کریں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقاس سال مناسک حج کی ادائی کے دوران میں پانچ لاکھ سے زیادہ حجاج کرام کو دوسرے مقامات سے مشاعر ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ منتقل کیا جائے گا۔توقع ہے کہ اس تعداد کے علاوہ ایام تشریق کے دوران میں پانچ لاکھ حجاج کرام اس ٹرین کے ذریعے مکہ مکرمہ اور دوسرے مقامات کے درمیان سفر کریں گے۔

ایک رپورٹ کے مطابق حج سیزن کے دوران سترہ ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ان کی دو سے زیادہ بوگیاں ہوں گی اور وہ مسافروں کو لانے اور لے جانے کے لیے ایک ہزار سے زیادہ پھیرے لگائیں گی۔ان ٹرینوں کو چلانے کے لیے سعودی عرب کے مختلف مختلف محکموں کے بیس ہزار سے زیادہ اہلکار نو اسٹیشنوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سے تین اسٹیشن عرفات ، مزدلفہ اور منی میں واقع ہیں۔

ٹرین چلانے کی ذمے دار ٹیمیں اسٹیشنوں پر حجاج کی نقل وحرکت کو مربوط ومنظم بنائیں گی، انھیں ان کی متعینہ ٹرین پر سوار کرنے کے لیے الگ الگ کریں گی۔اس کے علاوہ وہ ان کے ٹرین کے دروازوں اور پلیٹ فارمز تک پہنچنے میں بھی سہولت مہیا کریں گے۔سعودی ریلوے تنظیم ( ایس آر او) نے اس سال حرمین تیز رفتار ٹرین سروس کی سہولت بھی مہیا کی ہے۔ یہ ٹرین جدہ اور مدینہ منورہ کے درمیان سفر کو صرف نوے منٹ میں طے کرے گی۔حال ہی میں اس ٹرین نے آزمائشی سفر کیے ہیں اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔