آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کا خیال دل سے نکال کر اسے ججز، جرنیلوں اور سرکاری افسران پر بھی نافذ کرنا چاہئے ،ْ سراج الحق

ہمارے معاشرے میں وی آئی پی کلچر فروغ پارہا ہے غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں ،ْامیر جماعت اسلامی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 اگست 2017 14:31

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کا خیال دل سے نکال کر اسے ججز، جرنیلوں اور سرکاری افسران پر بھی نافذ کرنا چاہئے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے بچے حامد کی رسم قل کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں وی آئی پی کلچر فروغ پارہا ہے غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کسی بھر غریب انسان کے خون کی کوئی قیمت نہیں، وزیراعظم کے اسکواڈ میں شامل گاڑی نے پہلے بچے کو کچلا اور پھر بچے کو روندتے ہوئے تڑپتا چھوڑکر آگے نکل گئے کیا یہ بے حسی نہیں۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ نوازشریف کے قافلے میں بڑے بڑے چور بھی شامل تھے اور یہ لوگ اب آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کے درپے ہوگئے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور رکاوٹ بنیں گے جبکہ دیگر جماعتوں کو بھی اس مسئلے پر متفق کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کو ختم کرنے کا خیال بھی دل سے نکال دینا چاہئے بلکہ میں چاہتا ہوں کہ اس آرٹیکل کو ججز، جرنیلوں اور سرکاری افسران پر بھی لاگو ہونا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :