تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک بے قابو ہو کر گاڑیوں ‘ موٹرسائیکلوں پر چڑھ گئے ،نوجوان جاں بحق ،دو افراد زخمی

ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور فرار ہو گیا ، راہگیروں نے ٹرک ڈرائیور کی خوب درگت بنائی ،پولیس کے حوالے کر دیا

اتوار 13 اگست 2017 14:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) کینال روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ،ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ راہگیروں نے ٹرک ڈرائیور کی خوب درگت بنائی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کینال روڈ کیمپس پل انڈر پاس کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک بے قابو ہو کر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر چڑھ گئے جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والا احمد دھرمپورہ کا رہائشی اور دسویں کلاس کا طالب علم تھا۔ ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرا ہو گیا جبکہ ٹرک کا ڈرائیور راہگیروں کے ہتھے چڑھ گیا جس کی خوب درگت بنائی گئی اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔