امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اہم ترین تعلقات میں سے ہے ، اعزاز احمد چوہدری

ْ دونوں ممالک کے مابین طویل عرصہ سے جاری شراکت داری آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوگی ، امریکہ میں پاکستان کے سفیر کا گلوبل انڈر گریجوایٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکہ آنے والے 96پاکستانی طلباء وطالبات کے گروپ سے خطاب

اتوار 13 اگست 2017 14:10

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اہم ترین تعلقات میں سے ہیں اور توقع ہے کہ دونوں ممالک کے مابین طویل عرصہ سے جاری شراکت داری آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے یہ بات 96 پاکستانی طلباء وطالبات کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو کہ پاکستان کیلئے امریکہ کے گلوبل انڈر گریجوایٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت اسی ہفتے واشنگٹن پہنچا تھا۔

یہ پروگرام 2010ء میں شروع کیا گیاتھا اور یہ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ایجوکیشنل اینڈکلچرل افیئرز کے ماتحت کام کرتا ہے۔ طلباء وطالبات نے امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں سفیر اعزاز چوہدری نے انہیں خارجہ پالیسی کے اہم امور کے بارے میں بتایا اور انہیں خاص طور پر امریکہ پاکستان تعلقات اور خطہ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی سیکورٹی اور اقتصادی صورتحال کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے عوام کی دیرینہ اور بنیادی خواہش ہے کہ خطہ بھر میں امن واستحکام پیدا ہو اور عالمی سطح پر اقتصادی ترقی ہو اور یہ اہداف صرف تعلیم کے ذریعے ہی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ سفیر نے زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین 70 برسوں پر محیط تعاون کا دائرہ کار تجارت سے لے کر تعلیم تک رہا ہے جو کہ دونوں ممالک کے مابین طویل شراکت داری کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے اس اعتماد اور یقین کا بھی اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں یہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی ۔ انہوں نے طلباء وطالبات سے کہا کہ وہ امریکہ میں قیام کے دوران سیکھی گئی مہارت اور علم کو اپنی عملی زندگی اور پیشہ وارانہ امور میں بروئے کار لائیں۔ اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کی سینئر پروگرام ڈائریکٹر ٹیریسا مسٹرینگیلو نے ظہرانہ کے انعقاد اور بھرپور استقبالیہ پر پاکستانی سفیر اور سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے پروگرام کے اغراض ومقاصد اور اس کے تاریخی پس منظر کے بارے میں بتایا۔

متعلقہ عنوان :