بالی وڈ اداکارہ سری دیوی نے اپنی زندگی کی 54 بہاریں دیکھ لیں

اتوار 13 اگست 2017 13:50

ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) بالی وڈ اداکارہ سری دیوی نے اپنی زندگی کی 54 بہاریں دیکھ لیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سری دیوی 54 برس کی ہو گئیںاس کے باوجود بھی اداکارہ کے چاہنے والوں کی تعداد میں کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ یہ تعداد روز بروز بڑھتی ہی جا رہی ہے،اداکارہ 13نے اگست 1973میں بھارتی ریاست تامل ندو کے ضلع سیوا کاسی میں تامل گھرانے میں آنکھ کھولی،انہوں نے فلمی کیرئیر کا آغاز 1975 میں تامل زبان میں بننے والی فلم جیولی سے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا ان کی جاندار اداکاری کو بہت سراہا گیا۔

(جاری ہے)

فلم شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی،انہوں نے اس کے بعد متعدد تامل اور تلگو زبان میں بننے والی فلموں جن میں موندرو مودیچا اور دیگر شامل ہیں میں کام کیا اور مداحوں کے دل موہ لیے،1978 میں وہ پہلی بار ہندی فلم سولوا ساون میں بطور ہیروئن جلوہ گر ہوئیں ، ان کی بہترین اداکاری کی بدولت ہندی سینما کے بھی دروازے ان پر کھل گئے اور انہیں متعدد بالی وڈ فلموں جن میں مسٹر انڈیا،ہمت والا،موالی تحفہ ،ماسٹر جی ا ور دیگر میں کام کا موقع ملا،یہ فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں،1996میں انہوں نے پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی جو اداکار انیل کپور اور اداکارسنجے کپور کے بڑے بھائی ہیں، ان سے ان کی دو بیٹیاں جھانوی اور خوشی ہے،اداکارہ نے 1997بننے والی فلم جدائی کے بعد فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیارکر لی تھی پھر 15سال بعد انہوں نے سال2012 میں بننے والی فلم انگلش ونگلش سے فلمی دنیا میںواپسی کی اور مداحوں پر سحر کیا،اداکارہ اپنی دونوں بیٹیوں کے ہمراہ متعدد شوبز سرگرمیوں کا بھی حصہ رہتی ہیں تاکہ اپنے مداحوں کے ساتھ رابطے میں رہ سکیں،حال میں ان کی ریلیز ہونے والی فلم مام ہے جس میں انہوں نے جاندار کردار نبھایا،فلم کی دیگر کاسٹ میں پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور اداکارہ سجل علی شامل ہیں،اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ مرتے دم تک فلم نگری سے منسلک رہیں گی،انہیں ان کی شاندار اداکاری کی بدولت متعدد ایوارڈ اور اعزازات بھی حاصل ہوا،انہوں نے یہ ثابت کیا کہ وہ ہی فلم نگری کی حقیقی دیوی ہیں اور ہمیشہ رہیںگی۔

متعلقہ عنوان :